247

لواری ٹنل کے قریبی علاقے عشریت کوچھان گول میں ٹریفک حادثہ، 8افراد جان بحق، 17زخمی

چترال (نمائندہ )جمعرات کے روز دوپہر کے وقت اپر دیر سے چترال کے گاؤں دمیل نسار آنے والی ڈاٹسن گاڑی کو لواری ٹاپ کے نواحی گاؤں عشریت میں کوچھان گول کے مقام پر حادثہ پیش آنے سے دو بچوں سمیت 8افراد جان بحق اور 17فراد زخمی ہوگئے جن میں چارکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو 1122کے ذرائع کے مطابق گاڑی اپر دیر کے ایک گاؤں سے دمیل نسارآرہی تھی جن میں دمیڑ کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 25افراد سوار تھے جن میں بچے بھی شامل تھے جوکہ اپر دیر میں اپنے رشتہ دار کے گھر میں خوشی کی تقریب سے واپس آرہے تھے۔ چترال پولیس نے موقع پر جان بحق افراد کی شناخت رحمت زرین (عمر 61سال)، حلیمہ بی بی دختر محمدزرین (عمر 25سال)، منتظرہ بی بی دختر باچا خان (عمر 13سال)، عبداللہ ولد یحیٰ خان (عمر 8سال) اور حکیم اللہ ولد دائم خان (عمر 6سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ درین اثناء تین افراد دائم خان ولد گل زرین، گل بی بی دختر دائم خان اور رخسانہ دختر ضیاء الدین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں دم توڑ گئے جس سے جان بحق ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہوگئی۔ ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسرار الدین نے بتایاکہ دروش ہسپتال سے 9زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ریفر کئے گئے تھے جن میں سے 3زخمی زخموں کی تاب نہ لاکر جان بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ باقی زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک ہے اوریہ مزید علاج کے لئے پشاور ریفر کئے جانے کے قابل بھی نہیں ہیں۔ دریں اثنا ء ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد علی خان نے حادثہ پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی کہ ان کے بہترین علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے عشریت میں گاڑی حادثہ میں آٹھ قیمتی جانوں کے ضیاع پر چترال پولو گراونڈ میں جاری انٹر ڈسٹرکٹس چیف منسٹر کپ پولو ٹورنامنٹ کو ایک دن کے لئے بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں