تازہ ترین

جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کی ضلعی کابینہ تحلیل، قاری عبدالرحمن قریشی ضلعی کنوینئر مقرر، دو ماہ میں انتخابات ہونگے

چترال(چ،پ) جمعیت علماء اسلام لوئر چترال کی ضلعی کابینہ تحلیل، مولانا عبدالشکور ضلعی امارت اور مولانا الیاس ضلعی جنرل سیکرٹری کے عہدے سے فارغ، قاری عبدالرحمٰن قریشی کو ضلعی کنوینئر مقرر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام ضلع لوئر چترال کی ضلعی کابینہ کو جماعتی دستور کی خلاف ورزی کی وجہ سے تحلیل کردیا گیا اور سابق امیر قاری عبدالرحمن قریشی کو ضلعی کنوینئر مقرر کرکے دو ماہ کے اندر جماعتی انتخابات کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ضلعی کابینہ نے جماعت کے دستور کی شق 10 کی خلاف ورزی کی ہے اور اسی پاداش میں صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمن نے جماعتی دستور کی شق 12 کے تحت ضلعی نظم (کابینہ) کو کالعدم قرار دیدیا ہے۔

واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام کے ضلعی انتخابات اسی سال 12 جون کو منعقد ہوئے تھے جس میں سابق ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور ضلعی امیر اور سابق تحصیل ناظم مولانا الیاس احمد جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے تھے۔

جمعیت علماء اسلام کے دستور کے مطابق ضلعی مجلس عمومی کا اجلاس بلانے اور کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کے باوجود اجلاس منعقد کرنے کو جماعتی دستور کی خلاف ورزی پایا گیا اور اس بنیاد پر ضلعی امیر مولانا عبدالشکور اور جنرل سیکرٹری مولانا محمد الیاس کی سربراہی میں ضلعی کابینہ کو تحلیل کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button