چترال کے سرحدی گاوُں ارندو ایک شخص نے سگے بھائی، اپنی سابقہ بیوی ، ایک بچی کو قتل کر دیا، ملزم فرار

چترال (نمائندہ)اتوار کے روز چترال کے جنوبی سرحدی گاؤں ارندو میں تہرے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص جلابیب خان ولد گل محمد نے اپنے سگے بھائی اسماعیل خان اور اپنی سابقہ بیوی حنیفہ بی بی اور شیرخواربچی دلشاد کو گولی مارکر قتل کرنے کے بعد روپوش ہوگئے۔ ملزم کی سابق بیوی کا چند سال پہلے ان کے بھتیجے اسم نامعلوم کے ساتھ ناجائز تعلقات منظر عام پر آنے پر ان کے درمیان علیحدگی ہوئی تھی جبکہ ایک جرگہ کے ذریعے دونوں میں صلح بھی ہوئی تھی جس کی رو سے اسماعیل خان کی طرف سے ملزم کو دس لاکھ روپے تاوان ادا کرنا تھاجس کی ادائیگی نہ ہونے پر ملزم کو رنج تھا۔ وقوعہ کے وقت ملزم نے اپنی سابق بیوی کو بھائی کے گھر میں موجود پاکرمبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ماں کی گود میں بیٹھی ہوئی بچی سمیت تینو ں موقع پر دم توڑ گئے۔ وقوعہ کے فوری بعد ملزم موقع سے فرار ہوگئے جنکی تلاش جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لویر چترال رفعت اللہ خان نے مقامی میڈیاکو بتایاکہ ملزم کی گرفتاری کے لئے سرتوڑ کوششیں جاری ہیں جس کے لئے پولیس کی اضافی نفری ارندو بھیج دئیے گئے ہیں جن میں ایلیٹ فورس کے جوان بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملزم کی گرفتاری اور افغانستان بھاگنے سے روکنے کے لئے فورس کو تمام علاقے میں پھیلایا گیا ہے جبکہ گھر گھر تلاشی کا عمل بھی جاری ہے۔ مقتولین کی میتوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال دروش میں پوسٹ مارٹم کے بعدآبائی قبرستان میں سپردخاک کیاگیا۔



