مضامین

جہانِ خیال…… جمعیت ونٹر ٹیوشن اکیڈمی — چترال ٹاؤن (مفت تعلیم و رہائش، غریب طلبہ و طالبات کے لیے)…. تحریر: عتیق الرحمن بمقام

بمقام: پورانہ سبزی منڈی، الخدمت فاؤنڈیشن سکول، سیٹی کیمپس
چترال ٹاؤن — تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے، مگر عملی زندگی میں یہ حق ہر کسی کو یکساں طور پر میسر نہیں آتا۔ شہر کی ہنگامہ خیز فضا، مضافاتی علاقوں کے طلبہ کی مشکلات اور مہنگی تعلیمی اخراجات نوجوانوں کے خوابوں کے راستے میں دیوار بن جاتے ہیں، بالخصوص غریب طلبہ و طالبات کے لیے۔ اسی احساسِ ذمہ داری اور خدمت کے جذبے کے تحت اسلامی جمعیت طلبہ نے جمعیت ونٹر ٹیوشن اکیڈمی، چترال ٹاؤن کا آغاز کیا ہے، جہاں تعلیم اور تربیت کو یکجا کر کے ایک بامقصد نسل کی تیاری کا عزم کیا گیا ہے۔
اکیڈمی میں طلبہ اور طالبات کے لیے علیحدہ علیحدہ کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ہر طالب علم کو بھرپور توجہ میسر آ سکے۔ مضافات سے آنے والے طلبہ کے لیے ہاسٹل میں مفت رہائش کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، البتہ خوراک کے چارجز لاگو ہوں گے۔ یہ اکیڈمی شہر کی ٹریفک اور شور و غل سے دور، ایک پُرسکون، صحت بخش اور تعلیمی ماحول فراہم کرتی ہے، جو یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے لیے نہایت موزوں ہے۔
یہاں تدریسی ذمہ داریاں تجربہ کار، قابل اور باصلاحیت اساتذہ کرام انجام دے رہے ہیں، جو نہ صرف نصابی تقاضوں سے بخوبی واقف ہیں بلکہ طلبہ کی فکری اور اخلاقی رہنمائی کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ نصاب میں فہمِ قرآن، کیریئر کاؤنسلنگ، ہفتہ وار اسسمنٹ ٹیسٹ اور آخر میں گرینڈ سیلف اسسمنٹ ٹیسٹ شامل ہیں، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔
ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ محض کتابی تعلیم کافی نہیں، بلکہ کردار سازی اور تربیت بھی ناگزیر ہے۔ اسی لیے طلبہ کی ذہنی، فکری، علمی اور عملی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ وہ مستقبل میں ایک ذمہ دار، باکردار اور باشعور شہری بن سکیں۔
اکیڈمی کی فیس انتہائی کم رکھی گئی ہے۔ صرف چار ہزار روپے میں دو ماہ کے لیے جماعت نہم و دہم کے چار اہم مضامین پڑھائے جاتے ہیں، جبکہ ہاسٹل میں رہائش بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی باصلاحیت طالب علم مالی مجبوری کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔
ہمارا مقصد نوجوانوں کو علم، تربیت اور کردار کے زیور سے آراستہ کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی زندگی میں مقصدیت، نظم و ضبط اور ذمہ داری کا شعور حاصل کر سکیں۔
جمعیت ونٹر ٹیوشن اکیڈمی، چترال ٹاؤن اپنی روایات کے مطابق اس سال بھی غریب طلبہ و طالبات کے لیے مفت تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ ایک روشن، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار نسل پروان چڑھے، جو پاکستان کے مستقبل کی مضبوط بنیاد بن سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button