تازہ ترینگلگت بلتستان
انفارمیشن سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان و سابق ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش نے رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار

انفارمیشن سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان و سابق ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سعدیہ دانش نے رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم عالمِ اسلام کی ایک مؤثر، باوقار اور مدبر شخصیت تھے۔ ان کی دینی، فکری اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت نے امتِ مسلمہ کو اتحاد، استقامت اور خودداری کا پیغام دیا۔ ان کی شہادت عالمِ اسلام کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے جس کا خلا مدتوں محسوس کیا جاتا رہے گا۔
سعدیہ دانش نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سوگوار خاندان اور ایرانی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ اس دکھ کی گھڑی میں پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
انہوں نے بالخصوص گلگت بلتستان کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع پر صبر، تحمل اور پرامن رویے کا مظاہرہ کریں۔ اپنے جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے اتحاد و یگانگت کا ثبوت دیں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا انتشار سے گریز کریں۔ پرامن اور مہذب انداز میں اظہارِ تعزیت ہی ہمارے دینی و قومی اقدار کا تقاضا ہے۔
آخر میں سعدیہ دانش نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور نوجوان نسل کو مثبت اور تعمیری سوچ اپنانے کی تلقین کرتی رہے گی۔



