ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کا بازاروں اور پیٹرول پمپس کا معائنہ، بھاری جرمانے اور ناقص اشیاء تلف

چترال (چترال ایکسپریس) رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف کی فراہمی اور اشیائے خوردونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر چترال کی ہدایت پر انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے۔ مانیٹرنگ ڈیسک پر موصول ہونے والی عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز ریاض احمد نے ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف بازاروں اور کاروباری مراکز پر چھاپے مارے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے محکمہ فوڈ اور فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ سبزی منڈی، جنرل سٹورز، قصابوں، تندوروں اور ڈیری و پولٹری شاپس کا معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران درج ذیل اقدامات اٹھائے گئے .سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی اور کم وزنی روٹی فروخت کرنے پر 4 دکانداروں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے 2 کاروباری مراکز کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔ انسانی صحت کے لیے مضر 7 لیٹر ناقص کوکنگ آئل برآمد کر کے موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا۔ ”رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی پیدا کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ مانیٹرنگ کا یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔” — ریاض احمد (اسسٹنٹ کمشنر) علاوہ ازیں، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی خصوصی ہدایت پر ضلعی افسران نے مختلف پیٹرول پمپس کا بھی اچانک دورہ کیا۔ اس دوران پیٹرول و ڈیزل کے سٹاک، پیمائشی گیج اور سرکاری قیمتوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ ایندھن کی مصنوعی قلت یا قیمتوں میں اضافے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی گرانفروشی، ناپ تول میں کمی یا پیٹرولیم مصنوعات کی مقررہ قیمت سے زائد وصولی نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



