گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ظاہر عباس نے چین کی معروف یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کے فائنل تھیسس کا کامیابی سے دفاع کر لیا

گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ظاہر عباس نے چین کی معروف یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کے فائنل تھیسس کا کامیابی سے دفاع کر لیا ہے۔ انہوں نے اپنے پی ایچ ڈی تھیسس میں وینس پر مبنی ایج کمپیوٹنگ نیٹ ورکس میں کاموں کو ذہانت کے ساتھ مختلف سسٹمز میں منتقل کرنے اور دستیاب وسائل کو ضرورت کے مطابق مؤثر انداز میں تقسیم کرنے پر تحقیق کی ہے۔ ان کے چار تحقیقی و اکیڈمک مقالے عالمی سائنسی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں جبکہ دو مقالے اشاعت کے آخری مراحل میں ہیں.انہوں نے چائنیز اکیڈمی آف سائنس اور ورلڈ اکیڈمی آف سائنس سے پی ایچ ڈی کا فیلو شپ حاصل کر چکے ہیں۔
ظاہر عباس نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد چین کی نانجنگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے سی ایس سی اسکالرشپ کے تحت ایم فل کی ڈگری بھی حاصل کی۔ پی ایچ ڈی کے کامیاب دفاع کے بعد انہیں چین، ہانگ کانگ اور نیوزی لینڈ کی مختلف جامعات کی جانب سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی پیشکشیں بھی موصول ہو چکی ہیں۔
اپنی اس کامیابی کو انہوں نے اپنے والدین اور خاندان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں محنت کا کوئی متبادل نہیں ہوتا۔ اگر کوئی غربت یا مشکل حالات کو اپنے تعلیمی سفر میں رکاوٹ سمجھتا ہے تو وہ میرے تعلیمی سفر کو دیکھ سکتا ہے۔ ظاہر عباس کا تعلق ضلع غذر کے گاؤں دماس سے ہے۔ وہ گلگت بلتستان حکومت اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے مختلف اداروں کے ساتھ مل کر ایکو ٹورازم اور ماحول دوست مصنوعات کے فروغ کے لیے بھی کام کر چکے ہیں۔




