تازہ ترین

اچنگول شاہ نگار میں بدھ کی رات گئے ایک خاتون نے اپنے گھر میں مبینہ طور پر گھسنے والے ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

چترال (نمائندہ )دروش کے نواحی علاقے اچنگول شاہ نگار میں بدھ کی رات گئے ایک خاتون نے اپنے گھر میں مبینہ طور پر گھسنے والے ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دروش پولیس کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں کچن سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی، جس کی شناخت کڑدام کے رہائشی یاور خان ولد دینار کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزمہ کو لیڈی کانسٹیبلز کی مدد سے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے پولیس اہلکار نے بتایا کہ خاتون نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ مقتول اس کے گھر میں اس وقت گھسا جب اس کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا۔ خاتون کا الزام ہے کہ مذکورہ شخص ”بدنیتی” کی بنیاد پر اندر داخل ہوا اور بار بار انتباہ کے باوجود باہر نہیں نکلا، جبکہ اس سے قبل بھی وہ کئی بار نازیبا اشاروں سے اسے ہراساں کرنے کی کوشش کر چکا تھا۔
خاتون نے پولیس کو مزید بتایا کہ اپنی حفاظت کی خاطر وہ خودکار رائفل سے فائرنگ کرنے پر مجبور ہوئی جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تھانہ دروش میں چاک شدہ ایف آئی آر کے مندرجات کے مطابق مقتول کے والد دینار نے پولیس کو بتایاکہ ان کے بیٹے کو فداء الرحمن کے گھروالوں نے گھر بلا کر قتل کر دیا ہے جبکہ وجہ عناد شاہ بلوط کے درخت کی شاخ تراشی ہے۔ انہوں نے فداء الرحمن اور ان کے گھر والوں پر دعویداری کی رپورٹ درج کرادی ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button