تازہ ترین

ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر ایکسٹینشن سرکل آیون کی شاندار کارکردگی ، فعال اقدامات سے علاقہ زرعی حب بنے جا رہا ہے

چترال ( محکم الدین ) ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر ایکسٹینشن چترال لوئر سرکل آیون نے زمینداروں کو زرعی آگہی اور سہولیات فراہم کرنے کیلئےانقلابی اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ جن سے آیون جیسے زرعی قصبے کے زمیندار فائدہ اٹھا رہے ہیں ، آیون میں قدیم زمانے سے محکمہ زراعت کا دفتر قائم ہے ۔ تاہم پہلی مرتبہ ایک ایسے زراعت انسپکٹر کی تعیناتی ہوئی ہے ، جو اپنے وسیع تجربے کے ساتھ ساتھ زرعی علم پھیلانے کو پیشہ سے بڑھ کرعبادت کا درجہ دیتے ہیں ، اور اپنی تعیناتی کے مختصر عرصے کے دوران ماڈل فارم سروسز سنٹر آیون کو ایک کامیاب ادارے کے طور پر متعارف کیا ہے ، بلکہ اپنی طویل تجربات ،علم و خدمات کے ذریعے زمینداروں کے دل میں مقام پیدا کیا ہے ۔ گذشتہ روز زمینداروں کیلئے سہولیات کی فراہمی سے متعلق بات کرتے ہوئے زراعت انسپکٹر فرید اللہ یوسفزئی نے میڈیا کو بتایا ، کہ سروسز سنٹر میں ہر قسم کے کھاد جن میں سونا یوریا ،ڈی اے پی نائٹرو فاس ، سنگل سپر فاسفیٹ ، تارا یوریا مارکیٹ ریٹ سے رعایتی قیمت پر دستیاب ہیں ، اور وافر سٹاک موجود ہے ، بلکہ فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچانے والی کرم کش ادویات ، رس چوسنے والے کیڑوں ، فروٹ بورر ، تنے کی سونڈی کے علاؤہ گندم کی جڑی بو ٹیوں کے خاتمے، شاغیری، کانگیاری، کنگی وغیرہ بیماریوں کیلئے ادویات کے ساتھ پہلی مرتبہ ونٹر آئل کی دستیابی ممکن ہوئی ہے ۔ جس سے بیماردرختوں اور باغات کی زمین پر مخفی حالت میں رہائش پذیر کیڑوں کو سپرے کے ذریعے مکمل طور پر ختم کیا جاسکتا ہے ۔ اور پودوں کو ہر قسم بیماریوں سے نجات مل سکتی ہے ،

اسی طرح اعلی کوالٹی کے سبزیات کے بیچ جن میں ٹماٹر ، ٹینڈا ، شملہ مرچ ، کھیرا سمیت کئی قسم کے سبزیات شامل ہیں ، سنٹر میں دستیاب ہیں ، اور کاشت کے حوالے سے زمینداروں کی مسلسل رہنمائی کی جاتی ہے ، تاکہ زمیندار عمودی کاشتکاری ،واک ان ٹنل اور دیگر سائنسی طریقوں سے کاشت کرکے اپنی پیداوار اور آمدنی بڑھا سکیں

جاری سیزن میں کئی سرگرمیاں ہوچکی ہیں ، اور بعض کام جاری ہیں ، انسپکٹر فرید اللہ کے مطابق انہوں نے آیون کے کئی باغات کی وزٹ کی ہے ، اور سائنسی بنیادوں پر شاخ تراشی کرکے مقامی باغبانوں کو فیلڈ پر تربیت فراہم کی ہے ، شاخ تراشی اور گرافٹنگ( پیوندکاری) کی تربیت کے علاؤہ آیون ، بمبوریت ، رمبور اور بریر کے کئی سکولوں میں زراعت کی اہمیت اور بہتر استفادہ کے حوالے سے آگہی بھی فراہم کر چکے ہیں ، جس سے زمینداروں میں زراعت کی ایک نئی دلچسپی پیدا ہوئی ہے ۔

زمینداروں کو بروقت زرعی مشینری کی سہولت باہم پہنچانے کیلئے بڑے اور چھوٹے ٹریکٹرز فعال کئے جارہے ہیں ، تاکہ زمینوں پر ہل چلانے کیلئے زمینداروں کو مشینریز کی عدم دستیابی کا سامنا نہ کرنا پڑے ، اسی طرح پرانی اسپرئیر مشینوں کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ نئی مشینیں بھی حاصل کئے جارہے ہیں ،

زعفران پراجیکٹ علاقے کا سب سے اہم اور بڑا پراجیکٹ ہے ، اور یوسی آیون میں پہلی بار زعفران کے 9 پلاٹ لگائے گئے ہیں ، جن میں ایک آیون موڑدہ ، ایک تھوڑیاندہ ، 2بڑاوشٹ 3 شیخاندہ اور 2 بتریک بمبوریت میں لگائے گئے ہیں ، جن سے بہت اچھی پیداوار کی توقع ہے ۔
انسپکٹر فرید اللہ کا وژن یہ ہے ۔ کہ آیون میں سبزی منڈی اور فروٹ پراسیسنگ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے، زرعی فسیلٹیشن سنٹر ، فروٹ نرسری فارم قائم کیا جائے ، تاکہ لوگوں کو صحیح النسل میوہ جات حاصل ہو سکیں ، اور لوگ گھروں میں موجود پھلدار درختوں سے صحت مند پیداوار حاصل کر سکیں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button