تازہ ترین

صوبائی وزیر تعلیم کا میٹرک امتحانات کی نگرانی کے لیے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ

پشاور(نامہ نگار) صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا، ارشد ایوب خان نے تعلیمی بورڈ پشاور کے زیرِ انتظام جاری میٹرک سالانہ امتحانات کے مختلف امتحانی مراکز کا تفصیلی اور اچانک دورہ کیا، جس کا مقصد امتحانی عمل کی شفافیت، نظم و ضبط اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
گورنمنٹ شہید مبین شاہ آفریدی ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1، پشاور کینٹ میں امتحانی انتظامات مجموعی طور پر تسلی بخش پائے گئے۔ اور گیٹ پر موجود سیکیورٹی عملے کے اہلکاروں کی کارکردگی کو اس بنا پر سراہا گیا کہ انہوں نے بغیر کسی دباؤ کے ایس،او،پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔ اور اس ضمن میں وزیر موصوف کے عملہ کو بھی رعایت نہیں دی۔صوبائی وزیر نے وہاں موجود نظم و ضبط، شفاف امتحانی ماحول اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے متعلقہ عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
تاہم گورنمنٹ شہید سید آفاق احمد ہائی سکول نمبر 3، پشاور کینٹ کے دورے کے دوران بعض انتظامی امور اور بنیادی سہولیات میں کمی کا مشاہدہ کیا گیا۔ معائنہ کے دوران وال کلاک کی عدم دستیابی، پینے کے صاف پانی کا ناکافی انتظام، اور طلباء کو گنجائش کے مقابلے میں محدود جگہ پر بٹھانے جیسے امور سامنے آئے، جو ایک بہتر اور معیاری امتحانی ماحول کے تقاضوں کے مطابق نہیں تھے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ امتحانی عملے کو فوری طور پر فرائض سے سبکدوش (Relieve) کرنے کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ طلباء کے لیے تمام بنیادی سہولیات کی بلا تاخیر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی امتحانی مرکز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اور امتحانی عملہ اپنی ذمہ داریاں مکمل دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرے، کیونکہ امتحانات کا شفاف انعقاد ہی تعلیمی نظام پر عوام کے اعتماد کی بنیاد ہے۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں چیئرمین پشاور بورڈ نے نئے کلسٹر امتحانی نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر تعلیم نے قائم عوامی شکایات سیل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے چیئرمین بورڈ کو ہدایت کی کہ کمپلینٹ سیل کو مزید فعال بنائیں اور عوامی شکایات کے حل کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
آخر میں صوبائی وزیر نے خیبر پختونخوا کے تمام تعلیمی بورڈز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام امتحانی مراکز میں بنیادی سہولیات بشمول پینے کے صاف پانی، پنکھوں، وال کلاک، اور طلباء کے لیے مناسب، کشادہ اور آرام دہ جگہ بیٹھنے کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی طالب علم کو امتحان کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button