چترال: آغا خان فاؤنڈیشن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، صوبائی حکومت مستقبل میں تعاون کو وسعت دے گی، گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

چترال /گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خطے کی ترقی میں آغا خان فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہتے ہوئے مستقبل میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ چترال ایئرپورٹ پر پرنس رحیم آغا خان کو گرم چشمہ کے دورے کے بعد رخصت کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی قیادت نے کہا کہ انہوں نے پرنس رحیم آغا خان کے ساتھ خیبر پختونخوا میں مائنز اینڈ منرلز، قدرتی وسائل اور ہاسپیٹلٹی (سیاحت و مہمان نوازی) کے شعبوں میں موجود وسیع مواقع پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔
صوبائی قیادت نے چترال ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بہت سے ایسے شعبے موجود ہیں جہاں آغا خان فاؤنڈیشن حکومت کے ساتھ مل کر کام کر سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرنس رحیم آغا خان نے پشاور میں آغا خان یونیورسٹی اور ہسپتال کے قیام پر اصولی اتفاق کیا ہے۔
چترال میں آغا خان فاؤنڈیشن کی جانب سے انجام دیے گئے ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے گورنر اور وزیراعلیٰ نے صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پرنس رحیم آغا خان کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت کے ساتھ ایک مربوط تعلق کار قائم کیا جائے گا، جو علاقے سے پسماندگی کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوگا۔






