اپر چترال میں پرنس رحیم آغا خان کی آمد پر انتظامات قابلِ تعریف قرار

چترال (نمائندہ خصوصی) وی سی چیئرمین ریچ تورکہو سید عمران علی شاہ نے اسماعیلی برادری کے روحانی پیشوا پرنس رحیم آغا خان کی اپر چترال آمد کے موقع پر کیے گئے مثالی انتظامات پر ضلعی انتظامیہ، اپر چترال پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں سید عمران علی شاہ نے کہا کہ پرنس رحیم آغا خان کی تشریف آوری کے موقع پر اپر چترال میں سیکیورٹی، ٹریفک کنٹرول، صفائی، عوامی سہولیات اور استقبالی انتظامات انتہائی منظم اور بہترین انداز میں کیے گئے، جو تمام متعلقہ اداروں کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے عوام کی سہولت اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے دن رات محنت کی، جس کی بدولت پورا دورہ خوش اسلوبی اور پرامن ماحول میں مکمل ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی عوام نے بھی بھرپور نظم و ضبط اور تعاون کا مظاہرہ کیا، جس سے علاقے کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔وی سی چیئرمین ریچ تورکہو نے کہا کہ اہلیانِ ریچ تورکہو کی جانب سے وہ تمام سرکاری اداروں، سیکیورٹی فورسز، رضاکاروں اور انتظامیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اہم موقع پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔



