ندا پاکستان کے زیرِ اہتمام اور پی پی ایف کی مالی معاونت سے گورنمنٹ سینٹینل ہائی سکول چترال میں عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد

چترال(ڈیلی چترال نیوز)نیشنل انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (ندا پاکستان) کے زیرِ اہتمام اور پی پی ایف کی مالی معاونت سے گورنمنٹ سینٹینل ہائی سکول چترال میں عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ماحولیاتی آلودگی کی وجوہات، انسانی زندگی پر اس کے اثرات اور ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے میں انسان کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لوئر چترال شاہد حسین تھے، جبکہ پرنسپل گورنمنٹ سینٹینل ہائی سکول عبدالباری، پراجیکٹ منیجر ندا پاکستان انوار بیگ، سینئر فیکلٹی اے کے ایف عبد الولی، پراجیکٹ منیجر اے کے آر ایس پی اسد اللہ، مولانا محمد قاسم اور دیگر مقررین نے چترال کو درپیش ماحولیاتی مسائل، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور علاقے کو لاحق سنگین خطرات و چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے ترجیحات میں تبدیلی، مؤثر پالیسی سازی اور معاشرے کے ہر طبقے میں ماحولیات کی اہمیت اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ تعلیم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تعلیم کو بھی فروغ دے اور طلبہ میں ماحول دوست رویوں کو پروان چڑھانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ مقررین نے عوامی سطح پر ماحولیات سے متعلق آگاہی مہمات چلانے اور لوگوں کو قدرتی آفات، خشک سالی اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وادی چترال میں قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال تشویش ناک ہے اور اس حوالے سے ایک جامع اور مؤثر لائحہ عمل مرتب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے ماحول کے تحفظ میں طلبہ کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان اپنی تمام بنیادی ضروریات زمین اور ماحول سے حاصل کرتا ہے، لیکن بدقسمتی سے سب سے زیادہ نقصان بھی اسی ماحول کو پہنچاتا ہے۔ اس لیے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے اور احساسِ ذمہ داری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر پرنسپل سکول ہذا اورمہمانِ خصوصی نے پروگرام کے انعقاد پر پی پی ایف اور ندا پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آگاہی پروگرام بچوں کے لیے انتہائی اہم اور ضروری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے مستقبل میں بھی ایسے مفید اور تعمیری پروگراموں کا انعقاد جاری رکھیں گے تاکہ بچوں میں شعور اور آگاہی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
اس موقع پر سکول کے طلبہ نے عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے اردو اور انگریزی زبانوں میں تقاریر پیش کیں، جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ تقریب کے اختتام پر ندا پاکستان کی جانب سے صدرِ محفل اور مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو تعریفی اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔














