تازہ ترین

محمد سید خان لال کی دس سال کے لیے اسمبلیاں تحلیل کرکے قومی حکومت بنانے کی تجویز

چترال/ریٹائرڈ ڈی پی او، سابق تحصیل کونسل ممبر اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سینئر رہنما محمد سید خان لال نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال، مہنگائی اور عوامی مشکلات کے تناظر میں کم از کم دس سال کے لیے قومی و صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرکے قومی حکومت قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔

اپنے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے، غریب عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کی جانب سے تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کی کوشش انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، جبکہ ان کی کارکردگی اس اضافے کا جواز فراہم نہیں کرتی۔

محمد سید خان لال نے کہا کہ موجودہ پارلیمانی نظام میں قومی وسائل کا بے دریغ استعمال ہو رہا ہے اور عوام کو اس کا کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچ رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ منتخب نمائندے اقتدار میں آکر عوامی مسائل سے دور ہو جاتے ہیں، جبکہ غریب طبقہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار رہتا ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ مرکز اور صوبوں میں محدود کابینہ پر مشتمل قومی حکومت تشکیل دی جائے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو ان کی متناسب نمائندگی دی جائے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے منتخب اداروں پر آنے والے اربوں روپے کے اخراجات میں کمی آئے گی اور بچائی گئی رقم عوامی فلاح، مہنگائی میں کمی اور ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جا سکے گی۔

محمد سید خان لال نے اپنی تجویز کو ملک و قوم کے بہترین مفاد میں قرار دیتے ہوئے عوام اور سیاسی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ اس پر غور کریں، اپنی آرا اور تجاویز پیش کریں اور قومی مفاد میں اس کی حمایت کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button