دنین لوئر چترال میں پانی کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج: انتظامیہ کو مسئلہ حل کرنے کے لیے 3 دن کا الٹی میٹم

چترال (نمائندہ )دنین کے علاقے میں گزشتہ دو ماہ سے گولین واٹر سپلائی سے ملنے والے پانی کی معطلی کے خلاف سینکڑوں ورکشاپ اونرز، ہوٹل مالکان اور مقامی دکانداروں نے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقررین عاطف الرحمن، مرزا جلال، محراب الدین، شاکر اللہ، سجاد اور دیگر نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بحران کی وجہ سے ہوٹل مالکان، ورکشاپس میں کام کرنے والے افراد، دنین چیوپل کے دکاندار اور علاقے میں آنے والے سیاح سخت پریشان ہیں۔
مقررین نے تجار یونین کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر تجار یونین نور احمد چارویلو صرف بازار میں چھٹی کرانے کے لیے منتخب ہوئے ہیں، اس کے علاوہ وہ تجار برادری کے مسائل حل کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
مظاہرین نے انتظامیہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا یہ دیرینہ مسئلہ اگلے 3 دنوں کے اندر حل نہ کیا گیا تو وہ دنین چیوپل کے مقام پر سڑک بلاک کر کے ہر قسم کی آمدورفت معطل کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔





