رمبور کے چراگاہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جان بحق اور دو دیگر شدید زخمی

چترال (نمائندہ ) رمبور کے چراگاہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جان بحق اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سفیر خان ولد سراسی خان کے نام سے ہوئی ہے جو موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا۔ زخمیوں کی شناخت ہائی نِس ولد کولے اور شیر دلہ خان ولد جان خان کے نام سے ہوئی ہے۔ اس واقعے میں کئی بھیڑیں اور بکریاں بھی ماری گئیں۔رپورٹ ملنے پر ریسکیو 1122، پولیس، لیویز اہلکاروں اور مقامی لوگوں کی ٹیموں نے اس دور افتادہ مقام تک پہنچنے کے لیے تقریباً پانچ گھنٹے کا پیدل سفر کیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے بیسک ہیلتھ یونٹ (BHU) رمبور منتقل کیا گیا۔ابتدائی علاج کے بعد دونوں زخمیوں کو مزید طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز (DHQ) ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو 1122 نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو اس کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا اور تدفین کے لیے اس کے آبائی گاؤں منتقل کر دیا گیا ہے۔



