تازہ ترین
چترال کے گاؤں بروز میں سیلاب ، ایک شخص جان بحق ، ایک زخمی ، پٹرول پمپ ، ورکشاپ ، آئل ٹینکر ، چھ کاریں ، دو مزدہ ، ٹی آر پی اور موٹر سائکل کو نقصان پہنچا ،

بروز گول میں اسٹیل پل گر نے سے چترال پشاور روڈ مکمل بند ، چھوٹی گاڑیاں آیون ویسٹ روڈ استعمال کرتے ہوئے چترال شہر جانے پر مجبور، این ایچ اے کی طرف سے کام کا آغاز ، چترال بھر میں انٹر نیٹ سروس ندارد ،
چترال ( محکم الدین ) گذشتہ روز گاؤں بروز کے دو مقامات پر تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ایک شخص جان بحق ایک شخص زخمی جبکہ ایک گاڑی مسافروں سمیت لاپتہ ہو گیا ہے ۔ جان بحق شخص کی پہچان مختار احمد کے نام سے ہوئی ہے ۔ جو کہ گاؤں دوم بروز کا رہائشی تھا ۔ اورسیلاب کے دوران گمبس گول پل کے قریب کھڑا سیلاب کی تباہی کا منظر دیکھ رہا تھا ۔ کہ سیلابی ملبے کی زد میں آگیا ، اور جان بحق ہوا ۔ جس کی لاش بعد آزان اسکیویٹر کے ذریعے نکال لی گئی ، اور منگل کے روز اسے سپرد خاک کیا گیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق سیلابی ریلہ گمبس پل پر بلاک ہوا ۔ اور اپنا رخ تبدیل کرکے سڑک پر چڑھ آیا ، اس وقت کئی گاڑیاں روڈ پر کھڑی تھیں ، سیلاب سے خوف اور افراد تفری پھیلی اور کئی گاڑیوں نے مشکل سے خود کو سیلاب سے بچایا ۔ تاہم ایک گاڑی مسافروں سمیت سیلاب کی زد میں آیا ، جس کے بارے میں یہ گمان کیا جارہا ہے ۔ کہ وہ سیلابی ملبے تلے دب گیا ہے ۔ لیکن تحقیق کے باوجود اس بارے میں مصدقہ اطلاعات موصول نہ ہوسکیں ۔ کیونکہ سیلاب کے وقت ہر ایک کو اپنی جان کی پڑی ہوئی تھی ۔ اور ہر کوئی اپنی جان بچانے میں مصروف تھا ۔
گمبس گول سیلاب سے پٹرول پمپ ، آئل ٹینکر ، ایک ٹی آر پی ، دو مزدہ ، چھ کاریں ایک موٹر سائیکل اور ایک سوزوکی کو نقصان پہنچا ہے ، جبکہ پٹرول پمپ سے ملحق کارپینٹر ورکشاپ اور دوکانات کا نام ونشان بھی نہیں ہے ، اسی طرح دوہوٹل ایک گھر سمیت جنگلات ، باغات ، کھڑی فصلیں بھی سیلاب سے متاثر ہوئی ہیں ،
ادھر بروز گول نالے میں سیلاب سے اسٹیل پل مکمل طور پر گر گیا ہے ۔ اور ہر قسم کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہے ۔ متاثرہ مقام پر مقامی رضاکاروں اور ریسکیو 1122 کی طرف سے ایک عارضی سیڑھی نصب کی گئی ہے ۔ جس پر سے مسافروں کو آنے جانے میں مدد دی جارہی ہے ۔ تاہم مسافروں اور سیاحوں کو دو مقامات پر سڑک کی بندش سے تقریبا پونے کلومیٹر دشوارگزار پہاڑی راستوں اور سیلابی کیچڑ پر سے سفر کرنا پڑ رہا ہے جس سے انتہائی مشکلات کا سامنا ہے ۔ خصوصا بزرگ افراد ، خواتین اور بچوں کیلئے یہ پیدل سفر تکلیف اور خطرے کا باعث ہے ۔
درین اثنا این ایچ اے کی طرف سے سڑک کی بحالی کا آغاز کردیا گیا ہے ، اور بروز گول میں اسکیویٹر جبکہ گمبس گول ایریا میں لوڈر نے کام شروع کر دیا ہے ۔ این ایچ اے کنٹریکٹر خلیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا۔ کہ وہ اسلام آباد سے رات کو چترال پہنچ چکے ہیں ، اور مشینریز ایکٹیو کردیا ہے ، انشاء اللہ عارضی طور پر روڈ کی بحالی کے بعد اسٹیل پل کی دو بارہ مرمت کی جائے گی ۔ اور بھاری ٹریفک بحال ہو گی ۔
سیلاب کے باعث روڈ بلاک ہونے سے اسلام آباد ، پشاور اور ملک کے دوسرے شہروں سے آنے والی مسافر گاڑیاں بروز کے مقام پر پھنس کر رہ گئی ہیں ۔ تاہم بعض چھوٹی گاڑیاں چترال شہر پہنچنے کیلئے آیون ویسٹ روڈ استعمال کر رہے ہیں ۔ عوامی حلقوں نے کہا ہے ۔ کہ آیون ویسٹ روڈ سب سے اہم روڈ ہے ۔ جو مین چترال پشاور روڈ بلاک ہونے پر مسافر گاڑیوں کو ہمیشہ سے محفوظ راستہ مہیا کرتا ہے، اس لئے یہ انتہائی ضروری ہے ، کہ اس سڑک کو نہ صرف کشادہ کیا جائے ۔ بلکہ پختہ کرکے مسافروں کو بہتر سہولت فراہم کیا جائے



