واحد حل: معاشی خودمختاری۔۔۔۔۔۔فریدہ سلطانہ فَری

معاشی خودمختاری سے مراد یہ ہے کہ انسان اپنے مالی فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو اور اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے کسی پر مکمل انحصار نہ کرے۔ جب بات خواتین کی معاشی خودمختاری کی آتی ہے تو اکثر مسائل کی جڑ یہی نظر آتی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں خواتین کو کئی سماجی، معاشی اور ثقافتی مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل میں تعلیم کی کمی، گھریلو تشدد، فیصلہ سازی میں محدود کردار، غربت، ہراسمنٹ اور مالی انحصار شامل ہیں۔ ان تمام مشکلات کا بنیادی حل خواتین کی معاشی خودمختاری میں پوشیدہ ہے۔
معاشی خودمختاری کا مطلب یہ ہے کہ عورت اپنے وسائل خود پیدا کرے، اپنے مالی فیصلے خود کرنے کے قابل ہو اور اپنی ضروریات کے لیے دوسروں پر انحصار نہ کرے۔ جب خواتین مالی طور پر مضبوط اور مستحکم ہوتی ہیں تو ان کا اعتماد بڑھتا ہے اور وہ گھر کے اندر اور باہر نہ صرف اپنے بلکہ دوسروں کے حقوق کے لیے بھی بہتر انداز میں آواز اٹھا سکتی ہیں۔ نتیجتاً وہ ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند زندگی گزار سکتی ہیں اور دوسروں کو بھی بہتر زندگی گزارنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
معاشی خودمختاری خواتین کو نہ صرف مالی آزادی فراہم کرتی ہے بلکہ ان کے اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ کرتی ہے۔ جب ایک عورت خود کمانے لگتی ہے تو وہ اپنے خاندان کی بہتر انداز میں کفالت کر سکتی ہے، بچوں کی تعلیم و تربیت میں مثبت کردار ادا کرتی ہے اور معاشرے کی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈالتی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ گھر اور باہر دونوں ذمہ داریاں اس کے کام میں اضافہ کر دیتی ہیں، مگر ایک منظم اور باصلاحیت عورت ان تمام امور کو بخوبی سنبھال سکتی ہے۔ ہمارے پاس اس کی ہزاروں ایسی مثالیں ہیں .مزید یہ کہ مالی طور پر مضبوط عورت گھریلو اور سماجی سطح پر بھی بااختیار ہو جاتی ہے۔
تاہم، چترال میں خواتین کو معاشی خودمختاری حاصل کرنے میں کئی مشکلات کا سامنا ہے۔ ان میں تعلیمی مواقع کی غیر یکساں فراہمی، سماجی پابندیاں، صنفی امتیاز، غربت اور روزگار کے محدود مواقع شامل ہیں۔ بہت سی خواتین اپنی صلاحیتوں کے باوجود صرف اس لیے آگے نہیں بڑھ پاتیں کیونکہ انہیں مناسب مواقع فراہم نہیں کیے جاتے، اور اگر مواقع مل بھی جائیں تو سماجی اور گھریلو مسائل آڑے آ جاتے ہیں۔
اگر ہم چاہتے ہیں کہ خواتین میں خودکشیوں کی شرح میں کمی آئے تو ہمیں اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ سب سے پہلے خواتین کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ اپنے حقوق اور مواقع سے آگاہ ہو سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف ہنر سکھائے جائیں اور روزگار کے برابر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔
حکومت اور سماجی اداروں کو چاہیے کہ خواتین کے لیے زیادہ سے زیادہ کاروباری مواقع پیدا کریں، انہیں بلاسود یا آسان شرائط پر قرضے فراہم کریں تاکہ وہ اپنا چھوٹا کاروبار شروع کر سکیں۔ معاشی خود مختاری کے ساتھ ساتھ خواتین کی ذہنی صحت پر بھی خاص توجہ دی جائے۔ اس مقصد کے لیے کونسلنگ سینٹرز، ہیلپ لائنز اور آگاہی مہمات کا انعقاد کیا جائے تاکہ وہ اپنے مسائل کھل کر بیان کر سکیں۔
اس کے علاوہ گھریلو تشدد کے خاتمے کے لیے سخت قوانین پر عملدرآمد، محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی، اور خاندان و معاشرے میں خواتین کی حوصلہ افزائی بھی نہایت اہم ہے۔ جب خواتین کو سہارا، احترام اور معاشی استحکام کے مواقع ملیں گے تو وہ ذہنی دباؤ اور مایوسی سے نکل کر ایک صحت مند، بااعتماد اور خوشحال زندگی گزار سکیں گی۔


