شندور ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے جغورکے سیلاب متاثرین میں 14 لاکھ 60 ہزار روپے کی مالی امداد

چترال(ڈیلی چترال نیوز) شندور ویلفیئر ٹرسٹ چترال کراچی کے زیر اہتمام حالیہ سیلاب سے متاثرہ جغورلوئر چترال کے خاندانوں کی مالی معاونت کے لیےجغورکے مقام پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیلاب سے مکمل اور جزوی طور پر متاثر ہونے والے خاندانوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 60 ہزار روپے نقد امداد تقسیم کی گئی۔ تقریب میں مذہبی و سیاسی شخصیات، علاقائی عمائدین، سماجی کارکنوں اور متاثرہ خاندانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شندور ویلفیئر ٹرسٹ چترال کے ناظم اور سابق ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور نے کہا کہ شندور ویلفیئر ٹرسٹ گزشتہ کئی سالوں سے چترال کے غریب، نادار اور مستحق خاندانوں کی مدد کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں کمزور طبقات کی معاونت اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے چترال کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان اپنے گھروں، املاک اور ذریعہ معاش سے محروم ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ژوغور میں حالیہ سیلاب سے 11 گھرانے مکمل طور پر تباہ ہوئے، جنہیں شندور ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ایک ایک لاکھ روپے نقد امداد فراہم کی گئی، جبکہ 18 ایسے گھرانے جن کے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، انہیں 20،20 ہزار روپے دیے گئے۔ اس طرح متاثرین میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 60 ہزار روپے تقسیم کیے گئے، تاکہ وہ اپنے تباہ شدہ گھروں کی جزوی مرمت اور دیگر فوری ضروریات پوری کرسکیں۔مولانا عبدالشکور نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی معاونت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہ چھوڑیں اور ان کی بحالی کے عمل میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس موقع پر ضلعی امیر جمعیت علماء اسلام لوئر چترال مولانا عبدالرحمن، شاہی خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کاکاخیل، جنرل سیکرٹری جمعیت علماء اسلام لوئر چترال حاجی عبدالمجید، سابق صدر دارالعلوم چترال مولانا حبیب اللہ اور دیگر مقررین نے شندور ویلفیئر ٹرسٹ چترال کراچی کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مالی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی بروقت مدد قابل تحسین اقدام ہے۔مقررین نے بالخصوص شندور ویلفیئر ٹرسٹ چترال کراچی کے مرکزی چیئرمین قاری حبیب الرحمن، نائب چیئرمین مفتی عبداللہ، نائب چیئرمین مولانا محمدانیس الرحمن اور مولانا حافظ الرحمن کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے چترال میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے ان کی عملی مدد کی۔انہوں نے کراچی کے ان تمام مخیر حضرات کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے مصروفیات اور مشکلات کے باوجود چترال کے سیلاب متاثرین کو یاد رکھا اور ان کی امداد کے لیے مالی تعاون کیا۔ انہوں نے کہاکہ شندورویلفیئرٹرسٹ کا ہمیشہ مشکل وقت میں چترال کے لوگوں کی مدد کرنا قابل قدر روایت ہے اور اس سے متاثرہ خاندانوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔اس موقع پر متاثرہ خاندانوں اور ژوغور کے عمائدین نے شندور ویلفیئر ٹرسٹ چترال کراچی کی قیادت اور معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے نتیجے میں گھروں اور دیگر املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے باعث متاثرہ خاندان شدید مشکلات سے دوچار ہیں، ایسے میں نقد مالی امداد ان کے لیے فوری ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔تقریب میں مولانا محمد ایوب، سابق تحصیل ناظم مولانا محمد، تحصیلدار ریاض احمد، قاری گل فراز، مولانا محب اللہ، مفتی شفیق، قاری وزیر، ارباب مسیح الملک سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، جغور کے عمائدین اور سیلاب متاثرین نے شرکت کی۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی تک ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھی جائے گی اور مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں گھروں، آبپاشی نظام، پانی کی اسکیموں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔














