سندھ حکومت کی جانب سے چترال کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ٹرک امدادی سامان تقسیم

چترال(ڈیلی چترال نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا کی زیرِ نگرانی سندھ حکومت کی جانب سے چترال کے حالیہ سیلاب متاثرین کے لیے بھیجا گیا 10 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان ہلالِ احمر پاکستان کے ذریعے متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب میں سابق وفاقی وزیر نجم الدین خان، سابق صوبائی وزیر و صوبائی نائب صدر پیپلز پارٹی سلیم خان، چیئرمین ہلالِ احمر فرزند علی وزیر، ڈویژنل صدر ملک عظمت خان، سابق امیدوار نوابزادہ کامران زیب خان، فضل حق، اپر چترال کے صدر سید شیر حسین، جنرل سیکرٹری قاضی فیصل،سینئررہنماوسابق تحصیل چیئرمین دروش شہزادہ خالدپرویز،انفارمیشن سیکرٹری نظاروالی،سرورکمال ایڈوکیٹ،عالمزیب ایڈوکیٹ،تحصیل صدردروش حاجی غازی ورداک،جاویداختر اور میر دولہ جان سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا نے کہا کہ پیپلز پارٹی مشکل کی اس گھڑی میں چترال کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور حکومتِ سندھ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چترال کے متاثرین کے لیے بروقت امداد بھیجنا قومی یکجہتی اور بین الصوبائی تعاون کی بہترین مثال ہے۔انہوں نے امدادی سامان کی متاثرین تک ترسیل اور تقسیم میں ہلالِ احمر پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران حکومتوں اور اداروں کا باہمی تعاون متاثرین کو بروقت اور مؤثر ریلیف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر سلیم خان نے کہا کہ چترال میں جب بھی قدرتی آفات آئیں، پیپلز پارٹی کی قیادت نے متاثرین کی مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے بعد انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے متاثرین کی بحالی کے لیے امداد کی اپیل کی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ذریعے کراچی سے 10 ٹرک امدادی سامان چترال پہنچایا گیا۔سلیم خان نے بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی صدر سید محمد علی شاہ باچا اور چیئرمین ہلالِ احمر فرزند علی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مشکل حالات اور قدرتی آفات میں چترالی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ہلالِ احمر چترال کے سیکرٹری اعجاز الرحمن نے بتایا کہ امدادی سامان میں واٹر فلٹریشن پلانٹس، واٹر ٹینکس، خیمے، کمبل، کچن سیٹس اور اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری اشیا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سامان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے سروے اور مرتب کردہ فہرست کے مطابق پارٹی کارکنوں کی موجودگی میں مستحق متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا۔







