جامعہ چترال میں میٹریل سائنس اور قابلِ تجدید توانائی ٹیکنالوجیز پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

چترال (نمائندہ خصوصی): جامعہ چترال میں میٹریل سائنس اور قابلِ تجدید توانائی ٹیکنالوجیز کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہوگیا۔ کانفرنس میں ملک اور بیرونِ ملک سے ممتاز ماہرینِ تعلیم، محققین اور ماہرین شرکت کر رہے ہیں، جہاں میٹریل سائنس، قابلِ تجدید توانائی، جدید تحقیقی رجحانات اور پائیدار توانائی کے حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کا انعقاد جامعہ چترال، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد (GCUF)، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (KUST) کے باہمی اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد جامعہ چترال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے افتتاحی خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد میں تعاون پر شریک جامعات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص لندن ساؤتھ بینک یونیورسٹی، برطانیہ سے بطور کلیدی مقرر شرکت کرنے والے ڈاکٹر طارق سجاد کی شرکت کو سراہا۔
پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم اور کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید ظفر الیاس کا بھی تعاون اور شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی جامعات میں بین الاقوامی علمی کانفرنسوں کا انعقاد نہایت اہم ہے، کیونکہ اس سے طلبہ اور محققین کو عالمی سطح کے ماہرین سے براہِ راست استفادہ، علمی تجربات کے تبادلے اور جدید تحقیق سے آگاہی کے مواقع میسر آتے ہیں۔
اس موقع پر کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے خطاب کرتے ہوئے قابلِ تجدید توانائی کے ذرائع کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ روایتی توانائی کے ذرائع تیزی سے کم ہو رہے ہیں، جس کے باعث پائیدار اور متبادل توانائی کی ٹیکنالوجیز پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
لندن ساؤتھ بینک یونیورسٹی برطانیہ کے ڈاکٹر طارق سجاد نے اپنے کلیدی خطاب میں شمسی توانائی کے سیلز، خود توانائی پیدا کرنے والے فوٹو ڈیٹیکٹرز اور فوٹو اسسٹڈ ری چارج ایبل بیٹریوں میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز مستقبل کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور پائیدار توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
کانفرنس کے دوران مہمانوں کی حوصلہ افزائی اور روایتی چترالی ثقافت سے اظہارِ محبت کے طور پر وائس چانسلر جامعہ چترال پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ نے کوہاٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سید ظفر الیاس اور ڈاکٹر طارق سجاد کو یادگاری شیلڈز اور روایتی چترالی ٹوپیاں پیش کیں۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف، ڈاکٹر ندیم حسن، پروفیسر ڈاکٹر سلمیٰ اقراء اور پروفیسر ڈاکٹر یاسر علی کو بھی کانفرنس میں شرکت اور علمی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز پیش کی گئیں۔
کانفرنس کے دوران گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے ڈاکٹر نادیہ اکرم اور ڈاکٹر زمیرا صدیق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور علمی مباحث میں حصہ لیا۔
کانفرنس کے دوسرے روز بھی ماہرین کے لیکچرز، تحقیقی مقالہ جات کی پیشکش اور علمی مباحث کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کانفرنس سے طلبہ، اساتذہ اور محققین کو جدید تحقیقی رجحانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ علمی روابط کو فروغ دینے اور پائیدار توانائی کے شعبے میں جدید اور مؤثر حل تلاش کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔







