صوبائی نائب صدر انصاف یوتھ ونگ خیبر پختونخوا محمد ہارون کے اپر چترال پہنچنے پر شاندار استقبال

صوبائی نائب صدر انصاف یوتھ ونگ خیبر پختونخوا اور نوجوان قیادت محمد ہارون نے صوبائی عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اپر چترال کا دورہ کیا، جہاں اپر چترال کے سنیئر قیادت، سابق تحصیل چیئرمین سردار حکیم ، پارٹی کے حقیقی اور نظریاتی کارکنوں، صدر آئی ایس ایف، آئی ایس ایف کے نوجوانوں اور دیگر کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔اس دورے کے دوران صدر انصاف یوتھ ونگ چترال لوئر، حاجی شفیق بھی محمد ہارون کے ہمراہ تھے۔اپر چترال بونی پہنچنے کے بعد محمد ہارون اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے 27 ستمبر کو عمران خان کی رہائی کے لیے لانگ مارچ کے سلسلے میں اسٹریٹ موومنٹ کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اس موقع پر محمد ہارون نے کہا کہ اپر چترال میں ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت عمران خان کے نظریے کے خلاف کردار ادا کیا جا رہا ہے اور تحریک انصاف کو شدید نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ تاہم خان کے مخلص اور نظریاتی کارکن ایسے سازشی عناصر کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے سابق اسپوک پرسن ٹو ڈپٹی اسپیکر سید حبیب اللہ شاہ اور تحصیل کابینہ کے اجتماعی استعفوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ موجودہ قیادت پر عدم اعتماد کے آغاز کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے ڈیزاسٹر کے نام پر جس طرح کرپشن کی گئی، وہ سب پر عیاں ہے، جو عمران خان کے کرپشن فری نظریے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔محمد ہارون نے کارکنوں اور سینئر قیادت پر زور دیا کہ وہ 27 ستمبر کو عمران خان کی رہائی کے لیے ہونے والی تحریک اور لانگ مارچ کی بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عمران خان کو رہا نہیں کیا جاتا، یہ تحریک جاری رہے گی۔اس موقع پر محمد ہارون نے چترال کے منتخب رکنِ قومی اسمبلی عبد اللطیف کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 62 ہزار ووٹ لے کر قومی اسمبلی پہنچنے والے منتخب ایم این اے کو بے قصور پابندِ سلاسل رکھا گیا ہے، جبکہ ان کا قصور صرف عمران خان کے ساتھ وفاداری ہے۔محمد ہارون نے منتخب نمائندوں اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا۔27 ستمبر کو عمران خان کی رہائی کے لیے لانگ مارچ کے سلسلے میں حقیقی اور جانثار کارکنوں نے محمد ہارون کی قیادت میں باقاعدہ اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کر دیا۔ ان کے مطابق، 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاری کے حوالے سے اپر چترال میں بھرپور اسٹریٹ موومنٹ جاری رکھی جائے گی، جبکہ اپر چترال کے نوجوان اور سینئر کارکن لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔اس موقع پر نوجوانوں اور دیگر قائدین کے علاوہ سابق تحصیل چیئرمین سردار حکیم، سابق اسپوک پرسن ٹو ڈپٹی اسپیکر سید حبیب اللہ شاہ اور دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔







