ڈی پی او اپر چترال سے تجار یونین بونی کے وفد کی ملاقات، ٹریفک نظام اور تاجروں کے مسائل پر گفتگو

اپرچترال (ذاکر محمد زخمی): تجار یونین بونی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سرپرستِ اعلیٰ عزیز الدین لال اور صدر رحیم خان کی قیادت میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اپر چترال، پی ایس پی ضیا حسن سے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں بازار کے مسائل، ٹریفک کے نظام میں بہتری اور باہمی دلچسپی کے امور پر مثبت گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے آغاز میں صدر تجار یونین اور کابینہ کے اراکین نے ڈی پی او اپر چترال کو ضلع میں چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ڈی پی او ضیا حسن نے وفد کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری اور پولیس کے درمیان اس نوعیت کے رابطے مسائل کو سمجھنے اور انہیں احسن طریقے سے حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
وفد نے ڈی پی او کی جانب سے ٹریفک نظام کو منظم بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا، تاہم بازار میں ٹرکوں کے داخلے کے اوقات کار میں تبدیلی سے تاجروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست کی۔ اس کے ساتھ ساتھ دکانوں پر سامان کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو کی گئی۔ تجار یونین نے بازار کی مرکزی سڑک کو غیر ضروری پارکنگ اور تجارتی تجاوزات سے پاک رکھنے کے ڈی پی او کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے تجویز دی کہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مرکزی شاہراہ سے ہٹ کر مناسب جگہ مختص کی جائے۔
ڈی پی او اپر چترال نے تاجر برادری کے تمام مطالبات کو غور سے سنا اور ٹرکوں کے اوقاتِ کار اور لوڈنگ کے مسائل میں ممکنہ حد تک نرمی لانے اور دیگر درپیش مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تجار یونین بونی کی کابینہ نے ڈی پی او کے مثبت رویے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا



