تازہ ترین

لاسپور میں برفانی چیتے کا عالمی دن منایا گیا، طلباء کو قدرتی وسائل کے تحفظ کا سفیر بننے کی تلقین

چترال (نمائندہ) سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن پاکستان اور چترال گول نیشنل پارک وائلڈ لائف ڈویژن چترال کے اشتراک سے برفانی چیتے کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سور لاسپور میں آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلباء و طالبات، اساتذہ، محکمہ تعلیم کے نمائندوں، مقامی عمائدین اور متعلقہ اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد برفانی چیتے کے تحفظ، اس کے قدرتی مسکن کو درپیش خطرات اور حیاتیاتی تنوع برقرار رکھنے میں نوجوان نسل کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔

تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے اردو اور انگریزی میں تقاریر کرتے ہوئے برفانی چیتے کی ماحولیاتی اہمیت، اسے درپیش خطرات اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ طلباء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور معاشرے میں جنگلی حیات کے تحفظ اور ماحول دوست رویوں کے فروغ کے لیے آگاہی پھیلائیں گے۔

سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کے ریجنل پروگرام مینیجر جمیع اللہ شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برفانی چیتے کا تحفظ محض ایک نایاب جنگلی جانور کو بچانے کا معاملہ نہیں، بلکہ اس سے پورے پہاڑی ماحولیاتی نظام اور حیاتیاتی تنوع کا تحفظ وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی شکار، ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی مسکن میں کمی اور انسان و جنگلی حیات کے درمیان تنازعات برفانی چیتے کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔

انہوں نے مقامی کمیونٹی کے تعاون کو برفانی چیتے کے تحفظ کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ کے سفیر بنیں اور اپنے علم و شعور کو دوسروں تک پہنچائیں۔ انہوں نے سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے مقامی آبادی کی شمولیت، جنگلی حیات کی نگرانی اور عوامی آگاہی کے لیے جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ) اپر چترال جمیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی ادارے طلباء کی علمی تربیت کے ساتھ ساتھ ان میں ماحول اور قدرتی وسائل کے تحفظ کا شعور پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس طرح کی آگاہی سرگرمیوں کے انعقاد پر سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور طلباء پر زور دیا کہ وہ قدرتی ماحول کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں۔

گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سور لاسپور کے پرنسپل فیاض علی نے مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات طلباء میں قدرتی وسائل اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے شعور پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ آگاہی پروگراموں میں بھرپور حصہ لیں اور حاصل ہونے والے علم کو عملی زندگی میں بروئے کار لائیں۔

اس موقع پر مقامی کمیونٹی کے نمائندوں اکبر اور رحمت اللہ جان نے لاسپور میں جنگلی حیات کے تحفظ اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کو سراہا۔ فاؤنڈیشن کے کمیونٹی موبلائزر سیف اللہ جان نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون پر اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل کے دیرپا تحفظ کے لیے مقامی آبادی اور نوجوانوں کی شمولیت ناگزیر ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی اور طلباء میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برفانی چیتے اور اس کے قدرتی مسکن کے تحفظ کے لیے تعلیمی اداروں، متعلقہ سرکاری محکموں، مقامی کمیونٹی اور غیر سرکاری تنظیموں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button