استور پریشنگ سے خاطرات:…….. امیرجان حقانی

یگم کو سکول میں چھوڑ کر، پڑی بنگلہ کے کے ایچ پر خراماں خراماں گھر کی طرف رواں دواں تھا کہ اچانک ہارن بجی۔ مڑ کر دیکھا تو بھائی محمد بشارت نے گاڑی روک رکھی تھی۔ شیشہ نیچے کرکے کہنے لگے، "آؤ، استور چلیں!”
وہ میزان بینک کی اپنی ٹیم کے ہمراہ صبح سویرے استور برانچ کے وزٹ پر نکلے تھے۔ ان کے ساتھ بھائی فرحت اللہ بیگ ایریا آپریشن منیجر، اور غلام حسین ایریا سیلز منیجر بھی تھے۔ ہم نے تھوڑی سی پس و پیش سے کام لیا، مگر ان کا اصرار بڑھتا گیا تو ہم نے بھی آؤ دیکھا نہ تاؤ، گاڑی میں سوار ہوگئے اور استور کی طرف چل دیے۔ مشکن میں ایک کپ چائے پی، ڈشکن اور مشکن کو ہم نے استور کا چلاس قرار دیا تو احباب ہنسنے لگے تو مزید عرض کیا کہ شکر کریں ہم نے استور کا داریل نہیں کہا ورنا تو یہاں کے مکین چلاسیوں اور چلاسیت سے دو ہاتھ آگے ہیں۔
برادرم مولانا محمد بشارت کا مختصر تعارف کروانا چاہوں تو ان کا تعلق استور کی خوبصورت وادی پریشنگ سے ہے۔ انہوں نے 2007ء میں جامعہ دارالعلوم کراچی سے درسِ نظامی کی تکمیل کی۔ بعد ازاں شیخ زید اسلامک سینٹر، جامعہ کراچی سے اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
ان کا عملی پیشہ ورانہ سفر 2010ء میں میزان بینک سے انٹرن شپ کے ذریعے شروع ہوا۔ 2013ء تک میزان بینک ہیڈ آفس میں مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دیں، جن میں ریلیشن شپ مینجمنٹ (میزان لبیک) اور آفیسر ٹیلی مارکیٹنگ یونٹ کی ذمہ داریاں شامل تھیں۔
2013ء سے 2017ء تک میزان بینک میں شریعہ کوآرڈینیٹر نارتھ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس دوران ان کی بنیادی ذمہ داریوں میں بینک کے عملے کو اسلامی بینکاری اور بینکنگ پروڈکٹس کے حوالے سے تربیت دینا، شریعہ آڈٹ کے امور انجام دینا، نیز اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد شامل تھا۔
2017ء سے 2021ء تک میزان بینک چلاس برانچ کے برانچ منیجر رہے، جبکہ 2021ء سے جولائی 2022ء تک میزان بینک گلگت مین برانچ میں برانچ منیجر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ جولائی 2022ء میں ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر انہیں ایریا ہیڈ و سینئر وائس پریزیڈنٹ گلگت بلتستان مقرر کیا گیا۔ ابتدا میں تین برانچوں کی نگرانی ان کے سپرد تھی، تاہم انہوں نے بہت قلیل عرصے میں گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں پانچ مزید برانچیں اور ایک مرکزی ہیڈ آفس قائم کیا۔ اب وہ گلگت بلتستان میں میزان بینک کی آٹھ برانچوں کے مجموعی آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔
یوں دینی تعلیم، اسلامی مالیات میں تخصص اور بینکاری کے شعبے میں ڈیڑھ عشرے سے زائد عملی تجربے نے ان کی شخصیت کو ایک منفرد علمی و پیشہ ورانہ امتزاج عطا کیا ہے۔ اس تعلیمی و عملی پس منظر کیساتھ وہ انتہائی ملنسار، سنجیدہ، صاحب فکر،دردمند اور وژنری انسان ہیں، دوستوں کے دوست ہیں اور یاروں کے یار۔ وہ تعلق بنانا اور نبھانا خوب جانتے ہیں۔
انہوں نے یہ عزم کر رکھا ہے کہ گلگت بلتستان کے ہر بڑے شہر اور ہر ضلع میں میزان بینک کی برانچ ہونی چاہیے۔ ایک وقت تھا کہ تینوں ڈویژن میں صرف ایک ایک برانچ ہوا کرتی تھی، لیکن اب گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں میزان بینک کی متعدد برانچیں کام کر رہی ہیں۔ ان کی کوششوں سے بینک کا دائرہ کار وسیع ہوا ہے۔ تمام برانچیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور بظاہر میزان بینک گلگت بلتستان میں قرضوں اور مالیاتی سہولیات کی فراہمی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
میزان بینک کے متعلق میں عموماً اپنے سامعین اور پوچھنے والوں سے ایک بات کہا کرتا ہوں کہ "اس بینک کے حوالے سے اسلامی اقتصادیات اور اسلامی بینکاری کے نامور عالم و مفتی، شیخ الحدیث و مفتی دارالعلوم کراچی حضرت مفتی محمد تقی عثمانی صاحب نے اسے سود سے پاک یا کم از کم سود سے بچنے کی ایک قابلِ اعتماد کوشش قرار دیا ہے، لہٰذا اپنے مالی معاملات اس کے ساتھ جوڑ لیں۔ کل قیامت کے دن اللہ تعالیٰ نے پوچھ لیا تو ہم عرض کریں گے کہ یا اللہ! مفتی تقی عثمانی صاحب ہم سے علم و فضل اور تقویٰ میں بڑھ کر تھے۔ انہوں نے ہمیں یہی راستہ دکھایا تھا، ہم نے ان پر اعتماد کیا۔ لہٰذا ہمارے بارے میں بھی حضرت سے پوچھ لیجیے!”
بہرحال، گلگت سے استور تک بھائی بشارت کے ساتھ درجنوں موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وہ انتہائی فہیم، سمجھدار اور زیرک انسان ہیں۔ نوجوان فضلاء کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔ اپنی فیلڈ یعنی اسلامی بینکاری میں پورے پاکستان کی سطح پر ایک ممتاز مقام رکھتے ہیں۔ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی صاحب اور ان کے صاحبزادے مولانا ڈاکٹر عمران عثمانی سے انہیں خصوصی قربت حاصل ہے۔
ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے موضوعات بھی عام نہیں تھے۔ گلگت بلتستان میں رفاہی کاموں کا فروغ، علماء کی معاونت کے ممکنہ طریقے، جدید خطوط پر دینی کاموں کو آگے بڑھانے کی حکمت عملی، قرآنیات، گلگت بلتستان کے اہل سنت علماء کی دینی خدمات کو کتابی صورت میں محفوظ کرنے کی ضرورت، مساجد کی تعمیر و تزئین کے لیے عملی اقدامات اور بڑی دینی جامعات کی شاخیں گلگت بلتستان تک پھیلانے جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔ کئی موضوعات پر انتہائی تفصیل سے گفتگو ہوئی۔ واقعی بہت مزہ آیا۔
استور پہنچ کر بشارت بھائی اور ان کی ٹیم اپنے دفتری امور میں مصروف ہوگئے۔ میزان بینک استور میں ہمارے ایک پرانے دوست بھائی نفس میر سے بھی ملاقات ہوئی، جو وہاں آپریشن منیجر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔
جب میزان بینک والے اپنے کاموں میں مصروف ہوئے تو ہم نے اپنے برادر مولانا پیر ظفرالحق، نائب خطیب مرکزی جامع مسجد استور سے رابطہ کیا۔ ان کی معیت میں ان کے مدرسے اور جامع مسجد استور کا تفصیلی وزٹ کیا اور مولانا صاحب سے ان کی تین سالہ گفتنی اور ناگفتنی سنی۔
نمازِ ظہر کے بعد ان سے اجازت لے کر میں اور بشارت بھائی ان کے آبائی گاؤں اور گھر، پلیاٹ، کی طرف روانہ ہوئے۔
ان کا آبائی گاؤں کھنگرول ہے۔ یہی گاؤں معروف عالمی کشمیری رہنما امان اللہ خان مرحوم کا بھی آبائی گاؤں ہے۔ امان اللہ خان صاحب سے میری ملاقات غالباً 2013ء میں اسلام آباد میں ہوئی تھی۔ وہ بشارت بھائی کے چچا ہیں۔ کشمیر کی سیاست اور آزادی کی تحریک میں انہیں ایک بڑا مقام حاصل رہا ہے۔
کھنگرول دراصل وادی پریشنگ کا ایک خوبصورت گاؤں ہے۔ وادی پریشنگ (Pareshing) ضلع استور، گلگت بلتستان کی انتہائی خوبصورت، سرسبز اور پُرسکون وادیوں میں سے ایک ہے۔
ہم نے پلیاٹ سے خوب نظارے کیے، تصاویر بنوائیں اور مقامی آبادی و ماحول کا جائزہ لیا۔ اگر آپ پلیاٹ سے قدرتی مناظر کا مشاہدہ شروع کریں تو راما استور اور پوری وادی پریشنگ اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ دکھائی دیتی ہے۔ پہاڑ، میدان، آبادی اور قدرتی حسن کا ایسا امتزاج کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
پریشنگ میں ایک انتہائی خوبصورت جھیل بھی ہے جو "اللہ والی جھیل” کے نام سے معروف ہے۔ استور زیرو پوائنٹ سے اس جھیل کا فاصلہ تقریباً بیس کلومیٹر ہے اور سڑک بھی کافی اچھی ہے۔
وادی پریشنگ کے کئی اہم مقامات ہیں، تاہم ان میں کھنگرول، شیپے، پلیاٹ، رامکھ، مشکے، تھینگے اور گوٹم سر خاص طور پر مشہور ہیں۔
شیپے، پلیاٹ میں جامعہ دارالعلوم کراچی کے سابق استاد اور گلگت بلتستان کی عدلیہ کے معروف جج مفتی لقمان صاحب کا گھر ہے۔ برسوں سے مفتی صاحب کے ساتھ ہمارا احترام اور محبت کا تعلق ہے۔ اگر میں سچ کہوں تو گلگت بلتستان میں مفتی لقمان حکیم صاحب جیسا قابل عالم دین، جنہیں دینی علوم کے ساتھ قانونی علوم میں بھی غیر معمولی مہارت حاصل ہے، کوئی ایک بھی نہیں۔
انہوں نے برسوں پہلے، مولانا نافع صاحب کی کتاب "رحماء بینہم” کا عربی میں ترجمہ کیا ہے، جو بیروت سے شائع ہوچکی ہے۔ ان کے کئی علمی کام ہیں، تاہم یہی ایک علمی خدمت ان کے عالمی و علمی تعارف کے لیے کافی ہے۔
ہم نے واپسی پر ان کے والدین کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس سے دل کا ایک بوجھ بھی ہلکا ہوا کہ ان کے والدین کی وفات پر ہم حاضر نہیں ہو سکے تھے۔ مفتی لقمان حکیم صاحب سے واٹس ایپ پر اس حوالے سے عرض کیا تو فرمانے لگے کہ پہلے اطلاع دیتے تو گھر میں کھانے پینے کا کچھ انتظام کرواتے!
یہی شیپے میں ہمارے ایک اور نامور دوست مولانا اکرام اللہ صاحب کا بنات کا مدرسہ بھی ہے۔ ماشاء اللہ! وہ اس مدرسے کے مہتمم بھی ہیں اور شیخ الحدیث بھی۔ کئی سالوں سے بخاری شریف پڑھا رہے ہیں۔
اس سال اسی گاؤں میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے نصاب کے تحت 116 طالبات زیر تعلیم ہیں۔ اس کے علاوہ بھی سینکڑوں طالبات ان کے مدرسے میں غیر وفاقی تعلیمی نظام کے تحت پڑھ رہی ہیں۔ دس طالبات دورۂ حدیث یعنی ایم اے اسلامیات و عربی کے مساوی تعلیمی مرحلہ مکمل کر رہی ہیں۔
یہ ان لوگوں کے لیے ایک زندہ دلیل اور عملی مثال ہے جو سمجھتے ہیں کہ علماء کرام لڑکیوں کی تعلیم کے مخالف ہیں۔ جس گاؤں میں سرکاری سکول بھی پانچویں جماعت تک موجود نہ ہو، وہاں ایک مولوی صاحب دس طالبات کو ایم اے کے مساوی تعلیمی مرحلے تک پہنچا رہے ہیں۔ لاریب! علماء کرام لڑکیوں کی تعلیم کے مخالف نہیں، بلکہ اس کے بڑے داعی اور عملی نمونہ ہیں۔ البتہ وہ تعلیم کو دینی اقدار، اخلاقی تربیت اور معاشرتی ذمہ داریوں کے ساتھ جوڑ کر دیکھتے ہیں۔
مولانا اکرام اللہ صاحب کے پاس 2017ء میں بھی حاضری دی تھی۔ اس وقت مجھے بھائی کفایت الدین لے گئے تھے۔ تب بھی ان کا مدرسہ قائم تھا اور دینی و تعلیمی سرگرمیاں جاری تھیں۔
مولانا صاحب رامکھ میں نئی تعمیر ہونے والی مدرسہ معارف القرآن بنین کے بھی ذمہ دار ہیں۔ وہاں ایک بڑی اور عالی شان مسجد مکمل ہوچکی ہے۔ مسجد و مدرسے کی یہ زمین امان اللہ خان مرحوم اور بشارت بھائی کے خاندان نے وقف کی ہے۔ ہم نے دور سے مسجد اور مدرسے کی زیارت کی۔ اللہ نے چاہا تو کبھی اس عالی شان مسجد اور مدرسے میں بھی تفصیلی حاضری ہوگی۔ وہاں حفظ قرآن کی تین چار کلاسیں جاری ہیں اور مستقبل میں درسِ نظامی کی مکمل تعلیم کا بھی ارادہ ہے۔
پریشنگ میں گوٹم سر اور اللہ والی جھیل بھی قدرت کی صناعی کے نہایت دلکش اور حسین مقامات ہیں۔ اللہ والی جھیل قدرتی حسن کا ایک مرکز ہے، جبکہ گوٹم سر کا علاقہ بھی اپنے حسن، دلکش مناظر اور خوشگوار موسموں کی وجہ سے خاص شہرت رکھتا ہے۔ گرمیوں میں بھی خوبصورت اور سردیوں میں بھی دلکش۔ قدرتی نظارے، سرسبز میدان، شفاف جھیلیں، بہتے پانی، ندی نالے، برفیلی چوٹیاں، گھنے جنگلات، جنگلی حیات اور برف پوش پہاڑ سیاحوں کے لیے غیر معمولی کشش رکھتے ہیں۔
یہ انتہائی سرد علاقے ہیں۔ گرمیوں میں بھی یہاں سردی محسوس ہوتی ہے۔ ابھی نومبر کا آغاز ہے، مگر سردی اپنے پورے جوبن پر ہے۔ ٹھٹھرتی سردی اور برف باری کا آغاز ہوچکا ہے۔
ہم نے بشارت بھائی کے گھر کے ساتھ والی مسجد میں نمازِ ظہر ادا کی۔ گھر میں استوری آلو کے چپس، پکوڑوں اور ابلے ہوئے انڈوں کے ساتھ چائے پی۔ استور کی مہمان نوازی اور وہاں کی روایتی ضیافت کا اپنا ہی لطف ہے۔ اس کے بعد ان کے والدین کی قبروں پر حاضر ہوئے، فاتحہ خوانی کی اور پھر ان کے بڑے بھائی کو بھی ساتھ لیا اور گلگت کی طرف روانہ ہوگئے۔
مولانا اکرام اللہ صاحب وہیں رک گئے۔ ان کے ساتھ گزارے ہوئے چند لمحات بھی بہت شاندار تھے۔ مدرس آدمی ہیں۔ دوران گفتگو کہنے لگے، ” حقانی بھائی! میں تو دیہاتی بن کر رہ گیا ہوں۔”
عرض کیا: "شکر کریں کہ دیہات کے شفاف ماحول میں رہتے ہوئے بھی بخاری شریف پڑھا رہے ہیں۔ ہمارے استاد، رئیس المحدثین مولانا سلیم اللہ خان رحمہ اللہ فرمایا کرتے تھے کہ کراچی میں بخاری پڑھانا اور گلگت بلتستان کے پہاڑوں میں نورانی قاعدہ پڑھانا برابر ہے۔ لیکن آپ تو یہاں بھی بخاری پڑھا رہے ہیں!”
اس بات پر وہ بہت محظوظ ہوئے۔
پریشنگ جتنا خوبصورت ہے، اتنا ہی زرخیز بھی ہے۔ یہاں کئی قسم کی فصلیں پیدا ہوتی ہیں، درجنوں اقسام کے پھول اور گھاس اُگتے ہیں۔ اس وادی کی زرخیزی صرف زمین تک محدود نہیں، اس نے علم، فکر، سیاست اور خدمت کے میدان میں بھی بڑی شخصیات پیدا کی ہیں۔
عالمی کشمیری رہنما امان اللہ خان مرحوم، عربی ادب و ترجمہ، دینی فنون اور عصری قانون کے ماہر و محقق مفتی جسٹس لقمان حکیم صاحب، اسلامک بینکر مولانا محمد بشارت صاحب اور شیخ الحدیث مولانا اکرام اللہ صاحب جیسی شخصیات اسی سرزمین کا سرمایہ ہیں۔ واقعی، یہ وادی صرف قدرتی حسن ہی نہیں بلکہ انسانی صلاحیتوں اور علمی و فکری زرخیزی کے اعتبار سے بھی مالا مال ہے۔
بہرحال، واپسی پر گلگت تک بھائی بشارت کے ساتھ وہی علمی اور فکری گفتگو جاری رہی۔ دیگر احباب بھی سنتے رہے۔ میں کبھی کبھار فرحت اللہ بیگ صاحب سے اسماعیلی برادری کے جدید طبی و تعلیمی نظم کے بارے میں بھی گفتگو کرتا، مگر وہ خاموشی کو زیادہ ترجیح دیتے رہے۔
ایک بات میں نے محسوس کی ہے کہ جب بھی مجھے وژنری لوگ ملتے ہیں تو میں ان کے سامنے کھل جاتا ہوں اور پھر ان کے ساتھ طویل گفتگو کرتا ہوں۔ اصحابِ فکر اور دردِ دل رکھنے والوں کے ساتھ سنجیدہ مکالمے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ ورنہ معمول کے سفروں اور عمومی مجلسوں میں تو میں اول فول بکتا رہتا ہوں، دوسری شادی کے چٹکلے چھوڑتا ہوں اور اسی طرح وقت گزار لیتا ہوں!
فکرمند لوگ مجھے عزیز از جان ہیں۔ ایسے لوگ جو اپنے ذاتی مفادات سے آگے بڑھ کر قوم، علاقے، دین، تعلیم اور انسانیت کے بارے میں سوچتے ہوں، جو محض شکایتیں نہ کرتے ہوں بلکہ کچھ کرنے کا عزم بھی رکھتے ہوں، جو اپنے شعبے میں رہتے ہوئے بھی اجتماعی مسائل کا درد محسوس کرتے ہوں، وہ میرے لیے بہت قیمتی ہیں۔
بدقسمتی سے ایسے لوگ خال خال ہیں!
وژن رکھنے والے، دردِ دل رکھنے والے اور اپنے حصے کا چراغ جلانے والے لوگ ہی معاشروں کا اصل سرمایہ ہوتے ہیں۔ اللہ ان کی حفاظت فرمائے۔
پریشنگ سے واپسی پر زیرو پوائنٹ کے قریب مولانا سلطان محممود غزنوی سے بھی ملاقات ہوئی، وہ جامعہ فاروقیہ میں ہمارے سینئر تھے، اب استور میں کاروبار کرتے ہیں۔
بالآخر ایک دن کا مختصر سفر اختتام پذیر ہوا، استور زیرو پوائنٹ سے برادر نادر عبداللہ برانچ منیجر میزان بینک استور نے ہمیں رخصت کیا۔اور ہم وہی سفری خوش گپیوں میں رات گئے گلگت پہنچے۔



