خواتین کا صفحہمضامین

موضوع:چترالی زبان اور اے آئی تحریر:……… شہاب ثنا

چترال صرف ایک خوبصورت وادی کا نام نہیں، یہ ایک تہذیب، ایک ثقافت اور ایک پہچان کا نام ہے۔ اور اس پہچان کی سب سے بڑی نشانی ہماری زبان ہے۔ چترالی زبان ہماری ماں کی لوری سے لے کر بزرگوں کی دعاؤں تک، ہمارے گیتوں سے لے کر ہماری محفلوں تک، ہر جگہ زندہ ہے۔آج کل جب سے اے آئی ایپ آئے ہیں، چترال میں ایسی کئی ویڈیوز دیکھنے کو مل رہی ہیں جہاں ہماری زبان کو بدل کر پیش کیا جا رہا ہے۔ گانوں سے لے کر عام گفتگو تک، ہر چیز کو ایک نئے انداز میں ڈھال دیا جاتا ہے۔ بظاہر یہ سب مزاح یا جدیدیت لگتا ہے، مگر حقیقت میں یہ ہماری زبان اور ثقافت کے لیے ایک خاموش نقصان ہے۔زبان صرف بولنے کا ذریعہ نہیں ہوتی، زبان قوم کی روح ہوتی ہے۔ جب زبان بدلتی ہے تو سوچ بدلتی ہے، جب سوچ بدلتی ہے تو ثقافت مٹنے لگتی ہے۔چترال کے لوگ اپنی زبان اور ثقافت کو بھولنے والے لوگ نہیں ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ہر دور میں اپنی روایات، اپنی مہمان نوازی، اپنے امن اور اپنی محبت کو زندہ رکھا ہے۔ کچھ لوگوں نے جدیدیت کے نام پر اس کلچر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر وہ ناکام رہے، کیونکہ چترال کی مٹی میں وفا ہے، اس کی ہواؤں میں اپنی زبان کی خوشبو ہے۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جدیدیت کا مطلب اپنی جڑوں کو کاٹنا نہیں ہے۔ ٹیکنالوجی کو استعمال کریں، مگر اسے اپنی زبان کو مٹانے کا ذریعہ نہ بنائیں۔ اے آئی ایک آلہ ہے، ہماری پہچان نہیں۔ ہماری پہچان ہماری چترالی زبان ہے۔
چترالی زبان ایک نام ہے، ایک پہچان ہے، امن کی نشانی ہے۔ اس زبان میں محبت ہے، احترام ہے، اور اپنائیت ہے۔
آئیے عہد کریں کہ ہم اپنی زبان کو مزاق نہیں، فخر بنائیں گے۔ ہم اپنے بچوں کو اپنی زبان سکھائیں گے، اپنے گیتوں کو اصلی لہجے میں گائیں گے، اور اپنی ثقافت کو کسی ایپ یا جدیدیت کے حوالے نہیں کریں گے۔
میرے پیارے نوجوان بہن بھائیو!
اپنی زبان سے شرماؤ نہیں، اس پر فخر کرو۔ یہ ہماری باپ دادا کی زبان ہے،اپنی ثقافت کو پرانا نہ سمجھو، یہی تمہاری اصل دولت ہے۔ اپنے علاقے سے محبت کرو، کیونکہ یہ وادی، یہ پہاڑ، یہ دریا اور یہ لوگ تمہاری پہچان ہیں۔جدید دنیا میں آگے بڑھو، ضرور بڑھو، مگر اپنی جڑوں کو کبھی مت چھوڑو۔ جس درخت کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں، اسے کوئی آندھی نہیں گرا سکتی۔اپنی زبان بولو، اپنے کلچر کو زندہ رکھو، اور اپنے چترال کو ہمیشہ اپنے دل میں بسائے رکھو۔ کیونکہ تم ہی چترال کا کل ہو، تم ہی اس کی زبان کے محافظ ہو۔کیونکہ جو اپنی زبان بھول جاتی ہے وہ اپنی پہچان کھو جاتی ہے اور چترال کبھی اپنی زبان نہیں کھوئے گا۔۔

اے آئی ہائے جدید ہوئے رے گمان نو کوروم
تن زبانو تن ثقافتو کیاوت دی نیلام نو کوروم
شہاب ثنا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button