سی او پی 31 میں کیلاش قوم کی عالمی سطح پر نمائندگی، لوک رحمت کی اہم شرکت

چترال کی مقامی آبادی کے روایتی علم، ثقافتی ورثے اور موسمیاتی مسائل کو اقوام متحدہ کی عالمی کانفرنس میں اجاگر کیا، ایشیا ریجنل کاکس میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی۔
چترال (فتح اللہ): چترال کی کیلاش برادری سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن اور کمیونٹی نمائندے لوک رحمت نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقدہ اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس (COP31) میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی مقامی اقوام، بالخصوص کیلاش کمیونٹی کے مسائل اور نقطہ نظر کو عالمی سطح پر پیش کیا۔
لوک رحمت نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی ادارے (UNFCCC) کے تحت لوکل کمیونٹیز اینڈ انڈیجینس پیپلز پلیٹ فارم (LCIPP) کے باضابطہ مدعو کردہ نالج ہولڈر (Knowledge Holder) کی حیثیت سے کانفرنس میں شرکت کی۔ اس سلسلے میں انہوں نے 9 سے 13 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والی پلیٹ فارم کی مختلف سرکاری سرگرمیوں میں حصہ لیا، جن میں دنیا بھر کی مقامی اقوام کے نمائندوں اور روایتی علم کے حامل افراد نے موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کانفرنس کے دوران ساتویں جنریشن ہائی لیول راؤنڈ ٹیبل (7th Generation High-Level Roundtable) میں لوک رحمت نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مقامی اقوام کو محض موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والی آبادیوں کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ ان کے روایتی علم، تجربات اور ماحولیاتی تحفظ میں کردار کو بھی عالمی پالیسی سازی کا حصہ بنایا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے مقامی آبادیوں کے حقوق اور عالمی ماحولیاتی فیصلوں میں ان کی مؤثر شمولیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
لوک رحمت نے انڈیجینس پیپلز پویلین میں منعقدہ مختلف سائیڈ ایونٹس اور مباحثوں میں بھی شرکت کی، جہاں مقامی اقوام کے حقوق، ماحولیاتی انصاف، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور روایتی علم کے فروغ سمیت مختلف موضوعات زیرِ بحث آئے۔
اس کے علاوہ انہوں نے اقوام متحدہ کے ایشیا ریجنل کاکس (Asia Regional Caucus) کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا، جو ایشیائی خطے کی مقامی اقوام کے نمائندوں کے درمیان رابطے اور مشترکہ مسائل پر مشاورت کا ایک اہم فورم ہے۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ان سرگرمیوں میں لوک رحمت پاکستان کی جانب سے واحد ملکی نمائندے کے طور پر شریک ہوئے اور انہوں نے کیلاش کمیونٹی سمیت پاکستان کی مقامی آبادیوں کے نقطہ نظر کو پیش کیا۔
لوک رحمت اشپاتا گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو، کالاش پیپلز ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (KPDN) کے سربراہ اور کالاشا دُر (Kalasha Dur) کلچرل سینٹر کے چیئرمین ہیں۔ وہ طویل عرصے سے کیلاش قوم کے حقوق، ثقافتی شناخت کے تحفظ، کمیونٹی کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں سرگرم ہیں۔
چترال کی وادیوں بمبوریت، رمبور اور بریر میں آباد کیلاش قوم اپنی منفرد زبان، ثقافت، روایات اور قدرتی ماحول سے وابستگی کے باعث پاکستان کی اہم مقامی برادریوں میں شمار ہوتی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں، قدرتی ماحول پر بڑھتے دباؤ اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے مسائل اس کمیونٹی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔
کانفرنس میں لوک رحمت کی شرکت کے دوران ان مسائل کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے کا موقع ملا۔ ساتویں جنریشن ہائی لیول راؤنڈ ٹیبل میں ان کے خطاب کا ویڈیو کلپ اقوام متحدہ کے سرکاری ویب کاسٹ پر دستیاب ہے، جبکہ مکمل سیشن کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
COP31 میں LCIPP کے باضابطہ پروگرام، ہائی لیول راؤنڈ ٹیبل، انڈیجینس پیپلز پویلین اور ایشیا ریجنل کاکس میں شرکت کو کیلاش کمیونٹی کے مسائل اور پاکستان کی مقامی اقوام کے نقطہ نظر کو عالمی ماحولیاتی مباحثوں میں شامل کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔







