مضامین

بےحسی کا زہر — جب انسان کو انسان کا درد محسوس نہ ہو ……کاوشاتِ اقبال سے ایک ورق

انفرادی بےحسی کسی بھی انسان کو اپنے جوار و قرب کے حالات، جذباتی رشتوں اور معاشرے میں رونما ہونے والی چھوٹی یا بڑی مشکلات سے بالکل لاتعلق اور بے پروا کر دیتی ہے۔ وہ جہاں چاہے بیٹھ جائے، اٹھ جائے، بول جائے یا چل جائے، یعنی سماج میں زندگی گزارنے کے تمام طریقے اس کی ذات کے گرد گھومتے رہتے ہیں۔ دوسروں کے دکھ درد، کامیابی پر خوشی کی مسکراہٹ اور غم پر آنسو کے چند قطرے بھی ظاہر نہیں ہوتے۔ انسان اپنے ذاتی مفاد تک محدود ہو جاتا ہے اور اردگرد کے ماحول سے غفلت برتنے لگتا ہے۔ بےحسی ایک ایسی بیماری ہے جس کے لاحق ہونے سے قومیں اور افراد نہ اپنی عزت و آبرو کی حفاظت کر پاتے ہیں، نہ اپنے مال و جان اور آزادی کی۔ پھر قومیں اور افراد خوشی خوشی غلامی کو قبول کر لیتے ہیں۔

اجتماعی یا انفرادی ناکامیوں پر خود احتسابی کرنے کی بجائے ہر غلطی کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانا بھی انفرادی بےحسی کو بڑھا دیتا ہے۔ معاشرے میں اخلاقی اقدار، رواداری اور معیارِ تعلیم میں کمی کی وجہ سے انسان انفرادی بےحسی کا شکار بھی ہوتا ہے۔ بسا اوقات غربت اور مہنگائی اتنی بڑھ جاتی ہے کہ ہر شخص صرف اپنے اور اپنے بچوں کا پیٹ بھرنے کی فکر میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ اس صورت میں دوسرے کے دکھ درد پر توجہ دینے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے اور انسان انفرادی بےحسی کا شکار ہوتا ہے۔

زندگی کے مختلف شعبوں میں رکاوٹ ڈالنے والے محرکات، مثلاً راستے میں رکاوٹ، پینے کے پانی کا ضیاع، بجلی کا ضیاع اور معاشرے کے دوسرے مضر کام جب انسان کے سامنے پیش آتے ہیں اور ان پر اس کا کچھ بھی اثر نہیں ہوتا تو یہ انفرادی بےحسی کی انتہا ہے۔

جن اخلاقی بیماریوں میں ہمارا معاشرہ مبتلا ہے، وہ بے شمار ہیں، لیکن ان میں سب سے بڑی بیماری بےحسی ہے۔ ایک انسان اپنی ذات اور اپنے معاملات کے بارے میں تو بہت حساس ہوتا ہے، لیکن وہی شخص دوسروں کی ذات اور ان کے مسائل سے بےحسی اور بیگانگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ اس لیے اس سے کئی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ بےحسی سے خود غرضی جنم لیتی ہے اور ناشکری پیدا ہوتی ہے۔ اس قسم کے لوگوں کو ان کے رویوں کے باعث چلتے پھرتے، راستوں میں، گھاٹ میں، دفتروں میں، تقریبات میں، شادیوں میں، بازاروں میں اور گلی محلوں میں دیکھ سکتے ہیں۔ ان کی کیفیات ٹریفک کے ہجوم میں گاڑی آگے نکالنے میں، بسوں میں سوار ہونے میں، ہسپتال میں علاج کے دوران، کسی تقریب میں پلیٹ لے کر کھانا لینے میں، یوٹیلیٹی بلز جمع کرنے میں اور بینکوں میں قطاروں میں لگنے میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کا کام پہلے ہو جائے، چاہے وہ بعد میں آیا ہوا کیوں نہ ہو۔

سرکاری دفاتر، بینکوں اور تعلیمی اداروں کے وہ ملازمین جو عوامی معاملات نمٹانے پر مامور ہوتے ہیں، ان کا رویہ بھی عام طور پر بےحسی کا ہوتا ہے۔ وہ آنے والے ہر سائل کو ٹال دیتے ہیں اور کوئی بہانہ بنا کر اگلے دن آنے کا کہہ دیتے ہیں۔ اگر کسی دفتر میں کوئی ذمہ دار شخص خوش اخلاق اور تعاون کرنے والا ہو تو حیرت ہوتی ہے اور یقین نہیں آتا کہ یہ فرشتۂ رحمت کہاں سے آ گیا۔ گوروں کے دیس میں سب سرکاری اہلکار اپنے آپ کو عوام کا خادم سمجھتے ہیں اور سب کا استقبال خندہ پیشانی اور مسکراہٹیں بکھیر کر کرتے ہیں۔

بےحسی، سنگ دلی اور بدتہذیبی کے یہی وہ رویے ہیں جنہوں نے آج ہمارے معاشرے میں رہنے سہنے اور زندگی گزارنے کو ناقابلِ برداشت بنا دیا ہے۔ اس کا علاج یہ ہے کہ بےحسی سے واقف ہوا جائے، یہ جان لیا جائے کہ ہم بےحس ہیں۔ یہی اس کا علاج ہے، کیونکہ بےحسی بےخبری اور غفلت سے پیدا ہوتی ہے۔ جو انسان اپنی بیماری سے آگاہ ہو جاتا ہے، وہ اس کا علاج کر سکتا ہے۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button