250

چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا اس ضلعے کی تجارتی سرگرمیوں پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے/سرتاج احمدخان

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کیصدر سرتاج احمد خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا اس ضلعے کی تجارتی سرگرمیوں پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے اور چترال میں تجارتی حلقوں کو جہاں سہولیات اور مواقع میسر آئیں گے وہاں چیلنجز بھی درپیش ہوں گے اور یہی وقت ہے کہ ہم تجارت کے ہرشعبے میں مسابقت کے لئے تیاری ابھی سے شروع کریں اور چترال چیمبر آف کامرس اس سلسلے میں ہر ممکن کوشش کرکے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ گرم چشمہ کے مقام پر مقامی کاروباری نمائندوں اور مغززین وادی کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لوٹ کوہ وادی میں تجارتی سرگرمیوں کو ترقی دینے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور یہاں خوشحالی لانے کے بے شمار اور مواقع موجود ہیں جن سے صرف معمولی محنت سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے گرم چشمہ اور مضافاتی علاقوں میں تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ مقامی سطح پر تجاریونین کو فعال بنائیں اور چیمبر آف کامرس کی رکنیت حاصل کریں ۔ انہوں نے مقررین کی طرف سے نشان دہی کردہ مقامی تجارتی مسائل کے حل کے لئے مختصر مدتی اور طویل المدتی اقدامات کا ذکر کیا جن میں آلو کے پیدوار اور اس سے بننے والے مصنوعات کی مقامی سطح پر تیاری، موغ پٹی انڈسٹری کی بحالی، ٹراوٹ فش کلچر کا فروع شامل تھے۔ سرتاج احمد خان نے علاقے میں سیاحت کی ترقی کے لئے بھی ممکنہ صورتوں پر روشنی ڈالی اور کہاکہ گرم چشمہ کی خوبصورتی اور تزئیں اورآرائش کے لئے ایک جامع منصوبہ عمل ترتیب دی جارہی ہے جس کے بعد اس شہر میں صفائی کے فقدان کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔ انہوں نے گرم چشمہ میں واقع پیر شاہ ناصر خسروکی زیارت کو مرجع خلائق بنا کر روحانی سیاحت کو ترقی دینے اور خواتین سمیت بے روزگار نوجوانوں کو ہنر سیکھانے کا ایک جامع منصوبہ تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا۔ چیمبر آف کامرس کے صدر نے مقررین کی طرف سے اشتراکی کاروبار کے آئیڈئیے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسے ترقی دینے کے لئے چیمبر آف کامرس خصوصی قدم اٹھائے گی۔ اس سے قبل لوٹ کوہ سے ضلع کونسل کے رکن محمد حسین اور خاتون رکن کونسل صفت گل سمیت مقامی تاجر رہنماؤں اور مغززین نے گرم چشمہ کے مسائل پر روشنی ڈالی جن میں شیر جہاں ساحل، محمور مراد، محمد ولی، فضل حمید، سردار احمد اور دوسرے شامل تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں