191

رواں سال خیبرپختونخوا کی 4 ہزارمساجدکو شمسی توانائی نظام سے منسلک کیا رہا ہے، محمد عاطف خان

صوبائی وزیرتوانائی وبرقیات محمد عاطف خان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے ۔رواں سال پہلے مرحلے میں صوبہ بھر کی 4ہزارمساجدکوبجلی کے جدیدنظام کی فراہمی کے لئے شمسی توانائی یعنی سولرائزیشن سسٹم سے منسلک کیارہاہے،بجلی کی نعمت سے محروم صوبے کے 12اضلاع کے پسماندہ علاقوں میں356چھوٹے بجلی گھر (منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز)تعمیر کئے جارہے ہیںیہ منصوبے رواں سال کے آخرتک مکمل کرلئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں ان منصوبوں کی تعداد بڑھاکر1000کی جائے گی جس سے تقریباً 10لاکھ آبادی مستفید ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی وبرقیات میں توانائی منصوبوں کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںسیکرٹری توانائی انجینئرنعیم خان،سیکرٹری انفارمیشن قیصرعالم ،چیف ایگزیکٹوآئل اینڈ گیس کمپنی رضی الدین،چیف پلاننگ آفیسر محکمہ توانائی انجینئرذین اللہ شاہ سمیت توانائی کے شعبے سے وابستہ افسران نے شرکت کی ۔عاطف خان نے کہاکہ نجی شعبے کے تعاون سے 518میگاواٹ پن بجلی کی6 منصوبے شروع کئے جارہے ہیںجن سے ملکی تاریخ میںپہلی مرتبہ صوبے میںڈیڑھ ارب ڈالرز یعنی150 روپے سے زائدکی سرمایہ کاری آئے گی 56میگاواٹ کے 3پن بجلی کے منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جن سے رواں سال بجلی کی پیداوارشروع ہوجائے گی،صوبائی وسائل سے پہلی مرتبہ تیل وگیس کی تلاش کے لئے رواں ماہ سے لکی بلاک پر بھی کام کاآغاز کیاجارہاہے۔صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ رواں سال کے آخر میںپن بجلی کی3 منصوبے 17میگاواٹ رانولیہ پن بجلی گھر کوہستان ، 2.6میگاواٹ مچئی بجلی گھرمردان اور36.5میگاواٹ درال خوڑسوات پن بجلی گھر مکمل ہوجائیں گے جن سے 56میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لئے حال ہی میں6منصوبے جن سے 518میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماراپروگرام ہے کہ دوسرے مرحلے میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے مزید650منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز تعمیر کئے جائیں گے ان منصوبوں سے 10لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہوگی۔صوبائی حکومت پہلے مرحلے میں 4ہزار مساجد میں شمسی توانائی نظام کے تحت سولر پینل لگارہی ہے جس کے لئے پہلے ہی ٹینڈر جاری کیا جاچکاہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 8ہزارسکولوں اور180بیسک ہیلتھ یونٹس (بی ایچ یوز ) میں بھی شمسی توانائی کا نظام لایا جائے گا جس سے یہاں لوڈشیڈنگ کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ ممکن ہوجائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں