258

آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے یونین کونسل ایون میں تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے گرام.۔ے ,

چترال( محکم الدین ) ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے زیر انتظام پاکستان پاورٹی ریڈکشن پراجیکٹ کے تحت آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کے تعاون سے یونین کونسل ایون میں تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے , اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی کو ممکن بنانے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے اور مستقبل کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے ایک راونڈ ٹیبل بدھ کے روز اے وی ڈی پی آفس ایون میں منعقد ہوا ۔ جس میں محکمہ ایجو کیشن زنانہ چترال کی طرف سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال مہرالنسا, اے ایس ڈی ای او چترال سرکل عائشہ بی بی , اے ایس ڈی ای او دروش سرکل شکیلہ انجم , نمایندہ ایس ڈی ای او (مردانہ ) چترال الطاف اللہ , چیرمین اے وی ڈی پی رحمت الہی , پی پی آر پراجیکٹ کے کوآرڈنیٹر ریاض احمد اور رمبور , بمبوریت , بریر سے بورڈ ممبران پی ٹی سی چیرمینان اور کمیونٹی کے مرد و خواتین نمایندگان نے شرکت کی ۔ چیرمین اے وی ڈی پی رحمت الہی نے راونڈ ٹیبل کے شرکا کو خوش آمدید کہا ۔ جبکہ منیجر اے وی ڈی پی جاوید احمد نے پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا۔ کہ پی پی آر پراجیکٹ کے تحت علاقے میں تعلیمی پسماندگی دور کرنے کیلئے بیس سرکاری سکولوں کی مرمت , رینوویشن , کارپٹنگ , ٹیچنگ کٹس , ای سی ڈی میٹریل اور سپورٹس کے سامان پر مجموعی طور پر ایک کروڑ سے زیادہ فنڈ خرچ کئے گئے ہیں ۔ اسی طرح چار کمیونٹی بیسڈ سکولوں کی حالات بہتر بنانے , آن لائن ٹیچنگ سسٹم کی تنصیب اور سکولوں کو دیگر ضرورت کے سامان فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ٹریننگ پر مجموعی طور پر تیس لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ جس سے متذکرہ سکولوں کی تعلیم میں بہت بہتری آئی ہے ۔اور انرولمنٹ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ اس کے باوجود تعلیم کی راہ میں کئی رکاوٹیں اور مسائل اب بھی موجود ہیں۔ جنہیں حل کرنے کیلئے محکمہ ایجوکیشن , کمیونٹی کے نمایندگان اور مقامی سپورٹ آرگنائزیشن کو باہم مل جل کر ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔ اور یہ راونڈ ٹیبل اسی مقصد کے تحت ہی منعقد کی گئی ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مہرالنسا,اے ایس ڈی ای اوز دروش و چترال سرکل شکیلہ انجم اور عائشہ بی بی نے پی پی آر پراجیکٹ کے تحت اے کے آر ایس پی کے تعاون سے ایون اینڈ ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے زیر نگرانی تعلیم اور تعلیمی سہولیات میں بہتری لانے کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔اور یقین دلایا ۔ کہ محکمہ ایجوکیشن چترال مستقبل میں ان کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گا ۔ کیونکہ یہ ادارے در اصل حکومت اور محکمہ ایجوکیشن کا ہاتھ بٹا رہے ہیں ۔ راونڈ ٹیبل میں یونین کونسل کے چار سکولوں میں آن لائن تعلیمی سسٹم ( ٹیلی تعلیم) کو پائیدار بنانے , غیر حاضر اور ڈراپ اوٹ سٹوڈنٹس کی سکولوں میں حاضری کو یقینی بنا کر انرولمنٹ میں اضافہ کرنے اور گورنمنٹ کالاش پرائمری سکول رمبور ( اناردانہ سکول) میں طلبہ کو ان کی تعداد کے مطابق کمرے فراہم کرنے کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پیش کئے گئے ۔ اور اس عزم کا اظہار کیا گیا ۔ کہ مستقبل میں ان مسائل کے حل کیلئے طے شدہ سفارشات کے مطابق کام کیا جائے گا ۔ راونڈ ٹیبل میں کالاش اور مسلم کمیونٹی کے مرد وخواتین نمایندگان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں