385

اوگرا نے یکم فروری سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کردی

اسلام آباد / اوگرا نے یکم فروری سے ایل پی جی کی قیمتوں میںکمی کردی ہے، گیس کی فی کلو قیمت152سے کم ہوکر142روپے ہوگئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری رات 12 بجے سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اوگرانے یکم فروری سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی 9 روپے 40 پیسے فی کلو سستی کردی گئی ہے۔گیس کی فی کلو قیمت152سے کم ہو کر142روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح گھریلو سلنڈر110، کمرشل سلنڈر 501 روپے سستا کردیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری رات 12بجے سے ہوگا۔ دوسری جانب حکومت نے یکم فروری سے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے اور پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اوگرا نے ماہ فروری کیلئے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیلئے سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کردی ہے۔   سمری میں ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 47 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 10پیسے فی لیٹراضافے کی تجویز دی گئی ہے۔اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 6 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں66 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت پٹرولیم وزیراعظم سے مشاورت کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردے گی۔ واضح رہے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 9.98 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے، گزشتہ ماہ کی نسبت 9.98 ڈالر فی بیرل کم ہو گئی ہیں۔برنٹ آئل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 58.17 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے اسی طرح کروٹ آئل ڈبلیو ٹی آئی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 52.59 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔ گزشتہ ماہ عالمی منڈی برنٹ آئل میں خام تیل کی قیمت 68.15 ڈالر تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کی آئل مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں