79

تحریک حقوق عوام اپر چترال کے وفد نےوزیراعلیٰ کے معاون خصو صی وزیرزادہ سےملاقات

پشاور/ تحریک حقوق عوام اپر چترال کے ایک وفد نےوزیراعلیٰ کے معاون خصو صی برائے اقلیتی اموروزیرزادہ سے ان کے دفتر میں ایک تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں اپر چترال کے تمام مسائل کے حوالے سے وفد نے ایم پی اے وزیر زادہ کو تفصیلی بریفننگ دی۔ سب سے پہلے اپرچترال میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے سلسلے میں بحث ہوئی اورمعاون خصوصی نے وزیراعلیٰ اورچیرمین پیسکو سے بات کرکے جلد ازجلد عوام کو ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد اپر چترال کے لیے الگ گرڈ اسٹیشن زیر بحث آیا جس کے بارے میں وزیر زادہ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اپر چترال کے لیے گرڈ اسٹیشن اپرو ہو چکا ہے اوربہت جلد اس پر کام شروع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ریشن پاور ہاؤس کے بارے میں اپڈیٹ کرتے ہوئے وفد سے وعدہ کیا کہ اس جولائی کے مہینے میں وزیراعلیٰ کو ساتھ لے کر ریشن پاور ہاؤس سے بجلی کی سپلائی کا افتتاح کرینگے۔ وفد نے بونی تورکہو روڈ اور بونی مستوج روڈ پر کام کے حوالے سے مطالبہ کیا تو بتایا گیا کہ تورکہوروڈ کیلئے 23 کروڑ روپے ریلیز ہو چکے ہیں اور کام شروع کیا گیا ہے۔ اس پر کام مزید تیز کرنے کیلئے متعلقہ افسران سے بات کی۔ بونی مستوج روڈ کے حوالے سے بتایا کہ یہ سی۔پیک کا حصہ ہے اور اس سلسلے میں 3 دن بعد وزیر مواصلات مراد سعید سے میٹنگ شیڈول ہے اور انشاللہ بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔ وفد نے اپر چترال میں 3جی سروس شروع کرنے کے حوالے سے مطالبہ کیا تو وزیرزادہ نے متعلقہ حکام کو بلا کر ہدایات جاری کیں اور اپر چترال کو 3جی سروس کی لسٹ میں شامل کروادیا۔ معاون خصوصی نے مزید بتایا کہ انہیں اس سال پن بجلی گھروں کے کافی پروجیکٹس مل چکے ہیں۔ اور انفارمیشن سیکرٹری تحریک حقوق عوام پرویز لال کی خصوصی درخواست پر ان میں سے ایک میگا واٹ کا بجلی گھر ہیڈکوارٹر بونی میں رکھیں گے۔ آخر میں تحریک حقوق عوام اپر چترال کے وفد نے معاون خصوصی وزیرزادہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انتہائی دلچسپی سے وفد کے تمام مطالبات کا مثبت جواب دیا۔ وفد میں پرویز لال انفارمیشن سیکرٹری تحریک حقوق عوام، عبد اللہ جان جنرل سیکرٹری تحریک حقوق عوام، بابرعلی ، محمد ارشاد، اورامتیاز بونی شامل تھے

Print Friendly, PDF & Email