227

اپر چترال میں بجلی کی غیر اعلانیہ شیڈنگ کا سلسلہ شروع،ایم این اے،ایم پی اے اور ڈی سی سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اپر چترال(نمائندہ  )اپر چترال میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور بلاجواز لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع کردیا گیا۔ تحریک حقوق عوام کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں سے وجہ معلوم کرنے کی کوشش کرنے پر متعلقہ اداروں کے پاس کوئی ٹھوس جواز نہیں تھا۔ پانی وافر مقدار میں دستیاب ہے اور موسمی حالات بھی انتہائی موزوں ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ذرائع کے مطابق لواری ٹاپ پر نیشنل گرڈ کے جو ٹاور متاثر ہوئے تھے وہ بھی تاحال بحال نہیں کیے جاسکے ہیں۔ اس صورتحال میں گولین گول پاور ہاؤس کا ایک فیڈر ہی پورے چترال کے لئے کافی ہے لیکن محکمہ واپڈا اور پیسکو عوام کو بلا وجہ تنگ کرکے احتجاج پر مجبور کررہے ہیں۔ تحریک حقوق عوام اپر چترال نے اہم این اے، ایم پی اے اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں اور بجلی کی بلا ناغہ سپلائی بحال کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔اُنہوں نے کہا کہ جوٹی لشٹ گرڈ اسٹیشن کے 2 ملازمین بلاجواز لوڈشیڈنگ میں ملوث ہیں۔ انتظامیہ اور عوامی نمائندوں کو ان کے ناموں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اگر بلا جواز لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوراً ختم نہ کیا گیا تو تحریک حقوق عوام بھرپور احتجاجی مظاہروں کا حق رکھتی ہے اور اس معاملے میں کسی بھی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں