311

گولین ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی میں واپڈا کی طرف سے تاخیری حربہ..مغفرت شاہ

چترال (محکم الدین) سابق ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے کہا ہے۔ کہ گولین ہائیڈل پاور سٹیشن کی بحالی میں واپڈا کی طرف سے تاخیری حربہ اختیار کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ جبکہ عوام لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے گزر رہے ہیں۔ پیر کے روز چترال پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا۔ کہ گولین ہائیڈل پاور سٹیشن کے ہیڈ کی صفائی میں سست روی اختیار کرکے واپڈا عوام کو اشتعال دلانے کی دانستہ کوشش کر رہا ہے۔ اگر ایسا ہوا۔ تو حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ادارے پر ہوگی۔   انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی باعث افسوس ہے۔ کہ اتنے اہم پراجیکٹ کی ڈیزائننگ بھی ابتدا میں صحیح طریقے سے نہیں کی گئی اور پانی کے ڈائیورژن میں بہت بڑا فالٹ ہے۔ جس کی وجہ سے ہر سیلاب میں ہیڈ کو بار بار نقصان پہنچ رہاہے۔ اور بھاری مقدار میں حکومتی سرمایہ اس پر خرچ ہو رہا ہے۔ پچھلے سال کے سیلاب کے نقصانات صحیح طور پر بحال نہیں ہوئے تھے۔ کہ اس سال سیلاب نے نئی تباہ مچا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی اس کے ڈیزائن کو بہتر بنا کر تعمیر نہ کیا گیا۔ تو یہ مستقل بنیادوں پر سیلاب کا شکار ہوتا رہے گا۔ جس سے ایک طرف حکومتی خزانے کا ضیاع ہوتا رہے گا۔ اور دوسری طرف عوام بجلی کو ترستے رہیں گے۔ انہوں نے واپڈا سے اپیل کی کہ فوری طور پر اس کو بحال کرکے عوام کو بجلی کی مشکلات سے نجات دلائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں