پنامہ کیس سی پیک کیخلاف سازش ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن

جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف پنامہ کیس دراصل پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازش ہے۔ پشاور میں آج پارٹی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے خود پنامہ لیکس کے حوالے سے دائر درخواست کو فضول قرار دیا تھا تاہم اب یہ سمجھ نہیں آتی کہ یہ فضول درخواست اتنی بڑی مصیبت کیسے بن گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ سی پیک کے خلاف سازش کر رہی ہے اور اسی سازش کے تحت پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں نے نواز شریف کے خلاف ایکا کیا ہوا ہے۔دوسری جانب صوبائی حکومت کے ترجمان شاہ فرمان نے مولانا فضل الرحمٰن کے ان الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت صوبائی حکومت نے خود چین میں روڈ شوز کیے ہیں اور یہاں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے لیے چینی سرمایہ کاروں کو آمادہ کیا ہے۔



