چترال شہر آنے اور جانے والے مسافروں کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات کی فراہمی اور انہیں ناجائز کرایہ جات سے بچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ ہردم چوکس ہے اسسٹنٹ کمشنر چترال ریاض احمد

چترال (نمائندہ ) اسسٹنٹ کمشنر چترال ریاض احمدنے کہا ہے کہ چترال شہر آنے اور جانے والے مسافروں کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات کی فراہمی اور انہیں ناجائز کرایہ جات سے بچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ ہردم چوکس ہے اور اسی بات کے پیش نظر غیر قانونی اڈوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جارہا ہے۔ اپنے دفترمیں ٹرانسپورٹ سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تمام متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخنامہ پر عملدرامد کویقینی بنائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اور ٹریفک مجسٹریٹ محمدعیسیٰ خان، ایڈیشنل اے سی (یو ٹی) اسدا للہ، اسسٹنٹ ڈائرکٹر کنزیومر پروٹیکشن کونسل جنید احمد اور تجاریونین کے صدر صابر احمد موجود تھے۔ اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیاکہ تمام اڈوں کے مالکان اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ ہر قسم کی ٹرانسپورٹ میں ضلع سے باہر جانے والے مسافروں کوٹکٹ جاری کریں گے اور پشاور اور اسلام آباد/راولپنڈی کے لئے رات 8بجے سے پہلے گاڑیاں روانہ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر چترال اور اپر دیر اور تیمرگرہ کے درمیاں موٹر کار (غواگئے اورٹوڈی وغیرہ) میں پانچ سے ذیادہ سواریاں نہیں بیٹھائیں گے۔ اس بات کا بھی اصولی طور پر فیصلہ ہواکہ 15جنوری کو پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی آنے کے بعد کرایوں میں نظر ثانی کی جائے گی۔



