صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے لیے ڈیزاسٹر رپورٹنگ اینڈ سیفٹی پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پزیر

اپر چترال میں صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے لیے ہنگامی حالات میں مؤثر رپورٹنگ اور ذاتی تحفظ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی۔ اس تربیتی سلسلے کا مقصد قدرتی آفات کے دوران ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دینا، صحافیوں کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنا اور متاثرین کے مسائل کو مؤثر انداز میں قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی مہارت فراہم کرنا تھا۔
ورکشاپ کے آغاز پر فوکس ہیومینیٹیرینز اسسٹنس چترال کے منیجر ایمرجنسی مینجمنٹ جاوید احمد نے ادارے کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ فوکس پاکستان نہ صرف چترال بلکہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں برفانی تودوں (Avalanches) سے تحفظ کے لیے پہاڑوں پر ٹرائی پوڈز نصب کیے گئے ہیں، جب کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ویدر مانیٹرنگ پوسٹس قائم کی گئی ہیں۔ ان پوسٹس کے ذریعے موسمی حالات کی مسلسل نگرانی ممکن ہوئی ہے اور ادارہ 2015ء سے عوام کو بروقت موسمی صورتِ حال سے آگاہ کر رہا ہے۔
جاوید احمد نے مزید بتایا کہ مختلف دیہات میں فوکس کے اسٹاک پائلز قائم ہیں جہاں بیلچے، کدالیں، خیمے، فرسٹ ایڈ باکسز اور دیگر ضروری سامان محفوظ رکھا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتِ حال میں فوری مدد فراہم کی جاسکے۔ ہر گاؤں میں ادارے کے تربیت یافتہ رضاکار کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم (CERT) اور ولیج ایمرجنسی رسپانس ٹیم (VERT) کے تحت خدمات انجام دے رہے ہیں۔
تربیتی سیشنز کے دوران شرکاء کو قدرتی آفات سے قبل، دورانِ آفت اور بعد از آفت صحافیوں کی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ذاتی حفاظت، خطرات کے درست اندازے اور فیلڈ رپورٹنگ کے دوران احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کسی بھی حادثے یا آفت کی صورت میں متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے عملی طریقوں پر مبنی تربیت بھی دی گئی، جسے شرکاء نے بے حد مفید قرار دیا۔
اس موقع پر فوکس ہیومینیٹیرین اسسٹنس پاکستان کے کوآرڈینیٹر کمیونیکیشن، مہر آفتاب نے آن لائن سیشن کے ذریعے ادارے کی کمیونیکیشن پالیسیز اور پروٹوکولز سے متعلق آگاہی فراہم کی اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیا۔
ریجنل پروگرام منیجر ولی محمد خان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ فوکس ہیومینیٹیرین اسسٹنس پاکستان، اے کے ڈی این کا ذیلی ادارہ ہے جو دنیا کے کئی ممالک میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کمیونٹی بیسڈ ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ (CBDRM) کے اصولوں کے تحت مقامی سطح پر آگاہی اور تربیت کا جامع نظام قائم کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ میڈیا ریاست کی چوتھی ستون کی حیثیت سے ہنگامی حالات میں درست اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنائے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق عوامی شعور بیدار کرے، کیونکہ قدرتی آفات سے متعلق آگاہی اور تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر عدنان حیدر ملوکی نے فوکس پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چترال کے دونوں اضلاع میں اے کے ڈی این حکومت کے شانہ بشانہ مختلف شعبہ جات میں خدمات انجام دے رہا ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ ترقیاتی عمل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ قدرتی آفات کی رپورٹنگ میں پیشہ ورانہ اصولوں اور ذمہ داری کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے۔







