لوئر چترال: صحت کے شعبے میں بڑی کامیابی، ٹی ایچ کیو ہسپتال دروش میں ڈائلائسز یونٹ کا افتتاح

چترال /لوئر چترال میں صحت عامہ کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ لوئر چترال کی خصوصی کاوشوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال دروش میں پہلے ڈائلائسز یونٹ اور جدید آر او پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے ایک تقریب کے دوران یونٹ کا افتتاح کیا۔ س موقع پر لیفٹیننٹ کرنل حسن بن عباس، اسسٹنٹ کمشنر دروش بلال ناصر، اے اے سی خلیل اللہ، ڈی ایچ او ڈاکٹر شمیم، قاری جمال عبدالناصر، ڈاکٹر سعید، نصیر عباسی، تحصیل چیئرمین، محکمہ صحت کے حکام اور علاقائی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس یونٹ کا قیام ضلعی انتظامیہ کے عوامی فلاح و بہبود کے عزم کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی مسلسل کوششوں اور صاحبِ ثروت افراد کے مالی تعاون سے یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے، جس کا مقصد غریب اور مستحق مریضوں کو ان کی دہلیز پر علاج فراہم کرنا ہے۔
مقررین اور طبی ماہرین نے اس اقدام کو علاقے کے لیے “لائف لائن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ:
جدید آر او پلانٹ کی تنصیب سے مریضوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی سہولیات فراہم ہوں گی۔
مقامی سطح پر علاج کی فراہمی سے مریضوں کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
علاقے کے سیاسی و سماجی حلقوں نے اس منصوبے کو دروش کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے منصوبوں سے ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا۔



