ٹی ایم اے چترال کا بڑا اقدام: واٹر اینڈ سینی ٹیشن یونٹ کے 33 ملازمین مستقل اور پینشن کے حقدار قرار

چترال (بشیرحسین آزاد) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) چترال نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن یونٹ (ڈبلیو ایس یو) کے 33 ملازمین کو ان کی ابتدائی تقرری کی تاریخوں سے مستقل اور پینشن کا حقدار قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ پشاور ہائی کورٹ منگورہ بنچ (دارالقضاء) سوات کے حکم، ریٹائرڈ ملازمین کی جانب سے توہینِ عدالت کی کارروائی، ایڈمنسٹریٹو آفیسر (لیٹی گیشن) لوکل کونسل بورڈ خیبر پختونخوا کی خط و کتابت اور 23 نومبر 2026 کو لوکل کونسل بورڈ پشاور کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
24 نومبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ 33 ملازمین جو پہلے ہی 16 جون 2015 کے آرڈر کے تحت ضم اور ریگولرائز کیے جا چکے تھے، اب اپنی ابتدائی تقرری کی تاریخوں سے مستقل اور پینشن کے مستحق تصور کیے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن میں تحصیل آفیسر (فنانس) ٹی ایم اے چترال کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ریٹائرڈ درخواست گزار ملازمین کے تمام قابلِ ادائیگی پینشن کے واجبات کا حساب کتاب مکمل کریں، جس میں مطر شاہ (پائپ فٹر)، عزیز اللہ (والو مین) اور غلام جیلانی (والو مین) شامل ہیں۔
مزید برآں، تمام ضروری دستاویزات، پینشن پیپرز اور تفصیلی حسابات 7 دن کے اندر جانچ پڑتال اور منظوری کے لیے دفتر میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ پینشن پیمنٹ آرڈرز (پی پی اوز) کی تصدیق اور اجرا کے لیے ریزیڈنٹ آڈٹ آفیسر ٹی ایم اے چترال کو بھیجا جا سکے۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ معاملہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد اور توہینِ عدالت کی کارروائی سے متعلق ہے، اس لیے مزید تاخیر، غفلت یا عدم تعمیل کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ افسران و اہلکاروں پر عائد ہوگی۔
دریں اثنا، ڈبلیو ایس یو چترال کے منیجر منیر احمد نے اس معاملے میں اہم اقدام اٹھانے پر ٹی ایم او چترال حیدر ایوب خان کا اپنے 33 اسٹاف کی جانب سے شکریہ ادا کیا ہے۔



