لوئر چترال: بازار میں ٹریفک کی روانی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے اہم فیصلے

چترال/ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کے واضح احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے تجار یونین، ٹرانسپورٹ یونین اور سیاسی و سماجی نمائندگان کے باہمی مشاورت سے بازار میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل اور نظم و ضبط کی بہتری کے لیے نئے ضوابط کا اعلان کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کل دوپہر 2 بجے سے بازار کی حدود میں درج ذیل فیصلے نافذ العمل ہوں گے بازار میں گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ بازار کے اندر ریڑھی لگانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ریڑھی بانوں کی سہولت کے لیے مخصوص پوائنٹس مختص کر دیے گئے ہیں، جہاں وہ اپنا کاروبار کر سکیں گے۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے بھی الگ مقامات مقرر کر دیے گئے ہیں تاکہ آمدورفت میں خلل نہ پڑے۔
انتظامیہ نے تمام ڈرائیورز اور ریڑھی بانوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مقرر کردہ مقامات کی پابندی کریں۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی بھی قسم کے نقصان یا جرمانے کی ذمہ داری متعلقہ فرد پر ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شہر کی خوبصورتی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ بازار میں خریداری کے لیے آنے والے شہریوں اور مسافروں کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے نجات مل سکے۔



