تازہ ترین

تمام صوبائی محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 27-2026میں شامل ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کے پی سی ون جون 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے تمام صوبائی محکموں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام 27-2026میں شامل ہونے والی ترقیاتی اسکیموں کے پی سی ون جون 2026 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام27-2026 صوبے کی ہمہ جہت ترقی کا روڈ میپ ہوگا جس میں پسماندہ اضلاع اولین ترجیح ہوں گے۔ پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں بذریعہ ویڈیو لنک محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ نئے سال کے ترقیاتی منصوبوں میں امن و امان ، روزگار کے مواقع، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 26-2025 کے تحت اسکیموں کے لیے جاری شدہ فنڈز اور اخراجات، اگلے مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے ابتدائی مسودے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضم اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے لیے وفاق نے رواں مالی سال میں اب تک کوئی فنڈ جاری نہیں کیے تاہم صوبائی حکومت نے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی اسکیموں کے لیے 29.6 ارب روپے جاری کیے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے تحت اب تک جاری رقم کا 67 فیصد خرچ ہو چکا ہے۔ اگلے سال کے ترقیاتی پروگرام بارے بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے دوران 218 ہائی پریاریٹی پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے جبکہ مالی سال 27-2026 کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 80 فیصد رقم جاری جبکہ 20 فیصد رقم نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کی جائے گی۔ اگلے سال کے ترقیاتی پروگرام میں ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا روشن قبائل پیکج شامل ہے جبکہ دیگر چیدہ چیدہ منصوبوں میں ہیلتھ سٹی کا قیام ، احساس جنگل پروگرام ، ٹرائیبل میڈیکل کالج کا قیام، ورچوئل کلاس رومز، بیگ فری سکولز ، سکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کریکولم، ٹرائیبل یونیورسٹی ، اپر چترال کے لیے انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ پیکج، پناہ گاہ نیٹ ورک کی توسیع ، زمونگ کور نیٹ ورک اور خصوصی بچوں کے لیے سکولوں کا قیام، معذور افراد کے لیے خود روزگاری منصوبہ، خیبر سفاری ٹرین، بی آر ٹی کی ڈویژنل سطح تک توسیع، سیف سٹیز کی تکمیل اور سائبر سیکیورٹی آپریشن سنٹر بھی شامل ہیں۔ وزیر خزانہ مزمل اسلم ، معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان ، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اسلام زیب اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
َِِ<><><><><>

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button