لوئر چترال میں افرادِ باہم معذوری کے لیے امدادی آلات کی تقسیم کی تقریب منعقد

چترال (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفس لوئر چترال میں افرادِ باہم معذوری کے لیے امدادی آلات کی تقسیم کے حوالے سے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر خضر حیات سمیت دیگر متعلقہ حکام اور معززین نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راو ہاشم عظیم نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور سپیشل پرسنز کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر مستحق اور رجسٹرڈ افراد میں مختلف معاونتی آلات تقسیم کیے گئے جن میں سلائی مشینیں، وہیل چیئرز، ہیئرنگ ایڈز، ٹرائی سائیکلز، وائٹ کینز، بیساکھیاں اور واکرز شامل تھےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راو ہاشم عظیم نے کہا کہ افرادِ باہم معذوری کی فلاح و بہبود ہم سب کی مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان افراد کی بحالی، خودمختاری اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امدادی آلات کی تقسیم شفاف طریقہ کار کے تحت صرف رجسٹرڈ درخواست گزاروں میں کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر مستحق افراد محکمہ سوشل ویلفیئر کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں تاکہ انہیں بھی اس سہولت سے مستفید کیا جا سکے۔



