گرم چشمہ میں کم عمر ڈرائیورز اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف پولیس کی مؤثر کارروائیاں جاری

لوئر چترال۔ ضلع بھر میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی پولیس سربراہ رفعت اللہ خان (PSP) کی قیادت میں خصوصی مہم زور و شور سے جاری ہے ان احکامات کی روشنی میں گرم چشمہ اور اس کے نواحی علاقوں میں کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ بغیر لائسنس افراد اور بغیر کاغذات گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں
اس مہم کی نگرانی ایس ڈی پی او سرکل لٹکوہ احمد عیسیٰ کر رہے ہیں جبکہ ایس ایچ او تھانہ لٹکوہ گرم چشمہ انسپکٹر قربان پناہ کی ہدایات پر پولیس ٹیمیں متحرک ہیں اس سلسلے میں آئی ایچ سی محمد والی اور کانسٹیبل امجد علی نے میدان میں رہتے ہوئے متعدد خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائیاں کیں اور قانون شکنی کے رجحان کی حوصلہ شکنی کی
خصوصی طور پر آئی ایچ سی محمد والی کی کارکردگی قابلِ ستائش رہی جو ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے مستعد نظر آئے انہوں نے نہایت پیشہ ورانہ مہارت ذمہ داری اور عوام دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے انجام دی۔ عوامی حلقوں نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے فرض شناس افسران ہی معاشرے میں امن و امان کے قیام کی ضمانت ہیں
ضلعی پولیس کی جانب سے جاری یہ مہم نہ صرف ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ شہریوں میں شعور و ذمہ داری کا احساس بھی اجاگر کر رہی ہے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا قانون شکنی کو برداشت نہ کیا جائے
عوام نے بھی پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ایک محفوظ اور پرامن معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں گے
محمد یونس یمگانی لٹکوہ گرم چشمہ






