تازہ ترین

صوبائی حکومت صحافیوں کے لیے آسان بلاسود قرضہ اسکیم متعارف کرار ہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت آزاد اور ذمہ دار صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح کے لیے قائم انڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی کو دگنا کر دیا گیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ صحافی اس سے مستفید ہو سکیں۔
شفیع جان نے بتایا کہ اخبارات کو اشتہارات کی مد میں بقایاجات کی ادائیگی کے لیے 400 ملین روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ آئندہ بجٹ میں مزید 400 ملین روپے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اخبارات کو بقایاجات کی ادائیگی کو صحافیوں کے واجبات کی ادائیگی سے مشروط کیا جا رہا ہے تاکہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں صحافیوں کے لیے آسان بلاسود قرضہ اسکیم بھی متعارف کروا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام عالمی یوم آزادیٔ صحافت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کا صحافیوں کے ساتھ رویہ افسوسناک ہے۔ پیکا ایکٹ جیسے قوانین کے تحت صحافیوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور نامور صحافیوں کو آف ایئر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے آزاد صحافت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مکمل سیاسی اور صحافتی آزادی حاصل ہے اور وزیراعلیٰ سمیت کسی بھی حکومتی رکن پر تنقید کی مکمل آزادی ہے، جس پر کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اجتماعات کی مکمل آزادی حاصل ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی سرگرمیوں سے روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے خلاف فارم 47 کے کا ذریعے ڈرامہ کیا گیا ، تاہم اس کے باوجود عوام کا اعتماد پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button