تازہ ترین

چترال لوئرمیں قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے اور ہنگامی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے سیمولیشن کا انعقاد

چترال(ڈیلی چترال  نیوز)فوکس ہیومینیٹیرین اسسٹنس پاکستان   چترال  اورریجنل انٹیگریٹڈ ملٹی ہیزرڈ ارلی وارننگ سسٹم (RIMES)  کے باہمی اشتراک  سے چترال لوئرمیں قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے اور ہنگامی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنانے کے لیے سیمولیشن کا انعقاد کیا۔ اس مشق میں فوکس کے تربیت یافتہ اسٹاف، ریسکیو 1122 کے اہلکاروں، مختلف سرکاری اداروں کے نمائندوں اور مقامی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تربیت یافتہ خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ریجنل پروگرام منیجر ولی محمد، ماہرِ ماحولیات محمد اسماعیل، کنٹری پروگرام آفیسر ریمز عمبرین مسعود اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیمولیشن کا بنیادی مقصد زلزلے، سیلاب اور طوفان جیسی قدرتی آفات کے دوران انسانی، مادی اور معاشی نقصانات کو کم سے کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بروقت تیاری اور خصوصی اقدامات انتہائی ضروری ہیں تاکہ جانی و مالی نقصان کو روکا جا سکے۔

ریجنل پروگرام منیجر ولی محمد نے کہا کہ فوکس کے ایمرجنسی ریسورس ٹیم (CERT)، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم (SART) اور ڈیزاسٹر اسسمنٹ ٹیم (DART) کے مرد و خواتین رضاکار چترال کے دور دراز علاقوں میں کسی بھی قدرتی آفت کے دوران حکومت کے شانہ بشانہ خدمتِ خلق میں مصروف عمل رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے مخصوص جغرافیائی حالات کے پیش نظر فوکس مختلف قدرتی اور انسانی آفات سے نمٹنے، ان کی شدت اور تباہ کاریوں کو کم کرنے کے لیے ہزاروں نوجوانوں کو تربیت دے چکا ہے تاکہ وہ ذہنی اور عملی طور پر ہر قسم کی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک مؤثر اور عملی ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کی تیاری کے لیے ادارہ ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے چترال کے نوجوانوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سیمولیشن کے کامیاب انعقاد اور ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اس قسم کی سرگرمیوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button