لوئر چترال پولیس کی کارروائی، پنجاب سے آئے پیشہ ور بھکاری واپس روانہ

چترال/ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان کی خصوصی ہدایات پر دروش بازار میں کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کے ضلع لودھراں سے آنے والے پیشہ ور بھکاریوں کو ویریفیکیشن کے بعد واپس ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کو دروش تھانے منتقل کرکے ان کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی، جس کے بعد انہیں ضلع بدر کرتے ہوئے واپس بھیج دیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے غیر مقامی افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے لوئر چترال پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر اضلاع سے آنے والے پیشہ ور بھکاری خصوصاً عید اورفیسٹیولزکے مواقع پر چترال کا رخ کرتے ہیں اور بڑی مقدار میں رقم جمع کرکے واپس چلے جاتے ہیں۔ شہریوں نے ڈی پی او لوئر چترال سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کی دوبارہ آمد روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی متعدد بار پیشہ ور بھکاریوں کو ضلع بدر کیا جا چکا ہے، تاہم کچھ عرصے بعد وہ دوبارہ چترال پہنچ جاتے ہیں۔



