تازہ ترین
پولو گراؤنڈ چترال کو مستقل پانی فراہمی منصوبے پر کام شروع

چترال(نمائندہ )پولو گراؤنڈ چترال کو مستقل بنیادوں پر پانی کی فراہمی کے منصوبے پر عملی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ کئی سالوں سے عوام اور شائقینِ پولو کا ایک اہم مطالبہ تھا، جو اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔
ٹی ایم او چترال حیدر ایوب خان کے مطابق پولو گراؤنڈ تک پانی پہنچانے کے لیے پائپ بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے، جو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف گراؤنڈ کی خوبصورتی اور سرسبزی برقرار رہے گی بلکہ چترال کی ثقافتی روایات کو بھی مزید فروغ ملے گا۔ اس کے علاوہ شائقینِ پولو اور کھلاڑیوں کو گرد و غبار سے بھی نجات ملے گی۔
ٹی ایم او نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے فنڈز رکن صوبائی اسمبلی چترال مہتر فاتح الملک علی ناصر کی جانب سے منظور کیے گئے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں حیدر ایوب خان نے کہا کہ پولو گراؤنڈ کے لیے پانی چترال گول نالہ کی ٹینکی سے فراہم کیا جارہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چترال ٹاؤن میں شہریوں کو تسلسل کے ساتھ صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ مزید بڑے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے اور ان کے ٹینڈرز بھی ہو چکے ہیں۔




