معیز الدین بہرام ایڈووکیٹ انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کے دوبارہ صدر منتخب

چترال(ڈیلی چترال نیوز) انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کی کابینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے ایک اہم اور باوقار اجلاس ٹاؤن ہال چترال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حلقہ چترال کے تمام اراکین، شعراء کرام، ادباء اور زبان و ثقافت سے وابستہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انجمن کی گزشتہ تین سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا، جس میں کھوار زبان و ادب کے فروغ، ادبی محافل کے انعقاد، نوجوان شعراء کی حوصلہ افزائی اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کو سراہا گیا۔ اراکین نے متفقہ طور پر اس بات کا اظہار کیا کہ موجودہ کابینہ نے نہایت ذمہ داری، خلوص اور محنت کے ساتھ اپنی خدمات انجام دی ہیں، جس کے باعث انجمن کی فعالیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
اسی اعتماد کے پیش نظر اجلاس میں متفقہ طور پر پرانی کابینہ کو آئندہ تین سال کے لیے دوبارہ منتخب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں نو منتخب کابینہ کے عہدیداران کے ناموں کا باضابطہ اعلان کیا گیا، جس کے مطابق شاہجہان سرپرست اعلیٰ، معیز الدین بہرام ایڈوکیٹ صدر، جاوید اقبال جاوید سینئر نائب صدر، علمگیر بخاری نائب صدر، عبداللہ شہاب جنرل سیکرٹری، جاوید اختر جواد انفارمیشن سیکرٹری، انصار الٰہی نعمانی خزانچی جبکہ فیضا علی فیضان جائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے۔
اس موقع پر نو منتخب صدر معیز الدین بہرام ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بزرگ اور نوجوان شعراء نے ایک بار پھر ان پر اعتماد کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی کابینہ کے ساتھ مل کر انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے لیے دن رات کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن کے آئین کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے کھوار زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس سے مرکزی انجمن ترقی کھوار چترال کے صدر شہزادہ تنویر الملک ،محمد عرفان عرفان، افضل اللہ افضل، محمد نواز رفیع، فدا الرحمن فدا، صلاح الدین سالک، سیعد الرحمن سیعدی محمد جاوید اقبال اور فرید احمد رضا اور دوسروں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین نے متفقہ طور پر پرانی کابینہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی دوبارہ نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نو منتخب کابینہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال آئندہ بھی کھوار زبان و ادب کے فروغ میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔








