چترال کے نامورشاعروموسیقار افضل اللہ افضل کے اعزاز میں”شام افضل ” کے عنوان سے نوجوان شعراء کی ایک پروقار محفلِ مشاعرہ اورموسیقی کاپروگرام

چترال(نامہ نگار) ناندوشی میوزیکل گروپ،صریرخامہ ادبی تنظیم اورسوشل بوسٹ کے باہمی اشتراک سے چترال کے نامورشاعر،موسیقاراورچارکتابوں کے مصنف افضل اللہ افضل کے اعزاز میں”شام افضل ” کے عنوان سے نوجوان شعراء کی ایک پروقار محفلِ مشاعرہ اورموسیقی کاپروگرام مقامی ہوٹل میں منعقدہوئی۔ اس پررونق محفل کے مہمان خصوصی پریس کلب اپرچترال کے صدرمحمدعلی مجاہد جبکہ صدرمحفل مرکزی صدرانجمن ترقی کہوار چترال شہزادہ تنویرالملک تھے اورنظامت کے فرائض عمرخیال،فیصل شاہان انجام دے رہے تھے
محفلِ مشاعرہ میں چترال بھر سے نوجوان شعراء، ادبی شخصیات اور شعر و ادب سے محبت رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر محمد عباس، میرمزمل احمد، حسین ذین، ثناء اللہ زیری، جہانزیب احمد، بابر حمزہ، اعجاز احمد غمگین، وسیع اللہ وسیع، ادریس ہمدرد، شجا ایسی، نوید سحر، ظفراللہ ظفر، اسماعیل الرحمن رحمانی، عبدالحیسب، عباس جوق، سراج الدین ساحل، احتشام افی، ذوالقرنین احمد قرنی، خورشید قصوری، سیدنذیرحسین شاہ نذیر، عمر حیات راسخ، شرافت خان شرافت، شہزاد احمد شہزاد، فیضان علی فیضان، سید کائناتی، حفیظ اللہ امین، مشہور شاہد، الطاف حسین خیاب، سجاد عالم ساغر، سعادت حسین مخفی، افضل اللہ افضل اور دیگر شعراء نے اپنا کلام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی محمد علی مجاہد، صدرِ محفل شہزادہ تنویرالملک اور دیگر مقررین نے افضل اللہ افضل کی ادبی خدمات، منفرد شاعری اور کھوار ادب کے فروغ کے لیے ان کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ افضل اللہ افضل کی شاعری نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے جبکہ ان کی تخلیقات چترال کی ثقافت، روایات اور احساسات کی بھرپور عکاسی کرتی ہیں۔
اپنے خطاب میں افضل اللہ افضل نے پروگرام کے انعقاد پر سی ٹی ڈی او، صریر خامہ، سوشل بوسٹ اور ناندوشی تنظیم کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس ادبی سلسلے کا آغاز انجمن ترقی کھوار حلقہ چترال کے صدر معزالدین بہرام نے محمد عرفان عرفان کے ساتھ “ایک شام” کے عنوان سے کیا تھا جسے اب تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ادبی پروگرام شعراء کے لیے خوشی اور حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں اور ادب و شاعری معاشرے میں مثبت سوچ اور اصلاح کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔











